جنیوا(مانیٹرنگ ڈیسک)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل فنانشنل سسٹم کے باعث پاکستان متاثر ہوا،پاکستان میں سیلاب متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کے لئے 16 ارب ڈالرز درکار ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنیوا میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے زلزلے،سیلاب،دہشت گردی اور جیوپولیٹکل بحران کا سامنا کیا،برے حالات میں پاکستانی عوام کی فیاضی اور جذبہ دیکھ کرحیران ہوا،پاکستان میں سیلاب کی تباہی دیکھ کر دل ٹوٹ گیا ہے لیکن برے حالات میں بھی پاکستانی عوام کا جذبہ دیکھ کر متاثر ہوا ہوں،پاکستان میں سیلاب کی تباہی کا خود مشاہدہ کیا،پاکستان سے یکجہتی کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں،انفرا سٹرکچر کی بحالی کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور متاثرین کی فوری بحالی کے لئے پاکستان کو 16 ارب امریکی ڈالرز کی ضرورت ہے،انفراسٹرکچر،سکول،ہسپتال بنانے اور روزگار کی فراہمی کی ضرورت ہے،موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل فنانشنل سسٹم کے باعث پاکستان متاثر ہوا،پاکستانی کمیونٹی نے کم وسائل کے باجود پناہ گزینوں کی مدد کی، سیلاب نے ایک تہائی پاکستان کو متاثرہ کیا، 33 ملین متاثر اور 8 ملین افراد بے گھر ہوئے، 9 ملین افراد پاکستان میں خطہ غربت کی لکیر پر پہنچ گئے،ترقی پزیر ممالک کو قرضوں میں سہولت اور دیگر سہولیات ملنی چاہیئے، پاکستان میں سیلاب متاثرین کی حالت دیکھ کر دل ٹوٹ گیا،جنوبی ایشیا میں عوام دیگر دنیا کے مقابلے میں موسمیاتی تبدیلی سے 50 فیصد زیادہ خطرے میں ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور اقوام متحدہ کی سربراہی میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں اہم ترین بین الاقوامی کانفرنس جاری ہے، کانفرنس کے مختلف سیشن ہوں گے اور پارٹنرز کی طرف سے امداد کے اعلانات بھی کئے جائیں گے کانفرنس ”موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کی صلاحیت رکھنے والا پاکستان“کے عنوان سے ہو رہی ہے۔کانفرنس کا آغاز سیلاب سے بحالی کے لئے پاکستان کو وسائل کی فراہمی کی نشست سے ہوا۔پاکستان میں سیلاب کی تباہی،نقصانات،امداد اور بحالی سے متعلق خصوصی ویڈیو بھی کانفرنس میں دکھائی گئی۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کانفرنس کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔