لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی پر اعتماد کے ووٹ کا معاملہ ہر گزرتے دن کے ساتھ قریب آتا جارہا ہے،جوڑ توڑ کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ’ فصلی بٹیرے‘ بھی اڑان بھرنے کو تیار بیٹھے ہیں ،ایسے میں ”مفاہمت کے بادشاہ‘ کہلانے والے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چئیرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے لاہور میں ڈیرے ڈالنے کا فیصلہ کر لیا ہے، آصف زرداری کی کل لاہور آمد متوقع ہے۔
’پاکستان ٹائم‘ کے مطابق پرویز الٰہی اور ان کی حکومت کی بحالی کے بعدپاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے ازسرنو صف بندی کی ہے اوران کا اعتماد کا ووٹ روکنے کیلئے پارٹی عہدیداروں کو ٹاسک تفویض کردیئے ہیں۔ پرویز الٰہی کو پی ٹی آئی سے جدایا مسلم لیگ ق کے کچھ اراکین کو اعتماد کے ووٹ سے گریز پر آمادگی کیلئے چوہدری شجاعت کردار اداکر رہے ہیں، مسلم لیگ ق کے کچھ اراکین چوہدری شجاعت حسین سے رابطے میں ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ وہ پرویز الٰہی کو ووٹ نہیں دیں گے۔ پی ڈی ایم کی طرف سے بھی تحریک انصاف کے اراکین کو عام انتخابات کیلئے ٹکٹ سمیت کئی طرح کی ترغیبات دی جارہی ہیں اور ساتھ ہی انہیں متنبہ کیا جارہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کی صورت میں وہ بے یارو مدد گار رہ جائیں گے۔ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے بیک ڈور رابطوں کا سلسلہ تیز ہوچکا ہے، ارکان کو ایوان سے غیر حاضر رہنے کےلیے مختلف پیشکش کی گئی ہیں،اس سلسلہ میں ایک بار پھر آصف زرداری لاہور میں ڈیرے لگا رہے ہیں،سابق صدر لاہور میں تخت پنجاب کے حصول کے لیے وفاقی وزراء کی معاونت کریں گے۔ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے بیک ڈور رابطوں کا سلسلہ تیز ہوچکا ہے،ارکان کو ایوان سے غیر حاضر رہنے کے لیے مختلف پیشکش کی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق ق لیگ اور تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کو آئندہ پارٹی ٹکٹ دینے کی آفرز ہوئیں جبکہ پی ڈی ایم نے اپنی توجہ خصوصی طور پر خواتین اور اقلیتی ارکان اسمبلی پر مرکوز کر رکھی ہے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/01/Zardari12-640x480.jpg)