لاہور(سٹاف رپورٹر)پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونے سے ایک دن قبل وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے ) نے چوہدری پرویز الٰہی کو بڑا جھٹکا دے دیا،بینک اکاونٹس میں بھاری رقوم کی منتقلی اور اثاثوں میں اضافے کے سبب وزیر اعلیٰ پنجاب کے خاندان کے افراد ایف آئی اے کے ریڈار پر آگئے۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی دو بہووں اور بیٹے کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔چوہدری راسخ الٰہی،ان کی اہلیہ زہرہ الٰہی اور مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الٰہی کو 2016 سے 2021 کے درمیان ہونے والی مشکوک بینک ٹرانزیکشنز پر طلب کیا گیا،تینوں افراد کے اکاونٹس سے بھاری رقوم پنجاب اسمبلی کے نائب قاصد قیصر اقبال بھٹی کے اکاونٹ میں منتقل ہوئیں۔راسخ الٰہی ایف آئی اے کے دفتر آئے جبکہ دونوں خواتین پیش نہ ہوئیں۔ایف آئی اے حکام کے مطابق منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش میں شامل افراد کے پیش نہ ہونے کی صورت میں ان کیخلاف یکطرفہ کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/01/CPE65-640x480.jpg)