لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی )کو ایک اور جھٹکا لگ گیا،خاتون رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید کے بعد ایک اور ایم پی اے نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف’اعلان بغاوت‘ کردیا ۔
’پاکستان ٹائم‘کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا ایک اور ووٹ کم ہو گیا ہے کیونکہ مومنہ وحید کے بعد ان کی اتحادی جماعت پی ٹی آئی کے ایک اور رکن پنجاب اسمبلی خرم لغاری نے انہیں ووٹ دینے سے انکار کر دیا ہے۔مظفر گڑھ سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی خرم لغاری کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان مسلم لیگ ق کے ساتھ نہیں ہیں،اس لیے وہ چودھری پرویز الٰہی کو اعتماد کا ووٹ نہیں دیں گے جبکہ دوسری جانب پی ٹی آئی ممبر پنجاب اسمبلی عون ڈوگر نے بتایا کہ مصروفیت کے باعث پارٹی اجلاس میں شرکت نہیں کرسکے،تحریک انصاف اور پرویز الٰہی کے ساتھ ہیں،لاہور جارہے ہیں اور آج پارٹی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال اکتوبر میں خرم لغاری نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کیا تھا تاہم بعد ازاں انہوں نے عوامی مزاج کو دیکھتے ہوئے اپنے اس اعلان سے یوٹرن لے لیا تھا ۔