امام کعبہ عبد الرحمن السدیس نے پاکستان بارے بڑا پیغام جاری کردیا

مکہ مکرمہ(وقائع نگار خصوصی) امام کعبہ اورحرمین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے کہا ہے کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیتا رہے گا،اسلام مساوات،رواداری اور امن کا درس دیتا ہے،اسلام میں دہشت گردی کی گنجائش نہیں،پاکستان امت مسلمہ کے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے اور وہ خطے میں قیام امن کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
’پاکستان ٹائم ‘کے مطابق مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے ناظم اعلی سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے امام کعبہ اورحرمین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس سے مکہ میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پرامام کعبہ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب ایک جسم دو قالب ہیں،سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیتا رہے گا،اسلام مساوات،رواداری اور امن کا درس دیتا ہے،اسلام میں دہشت گردی کی گنجائش نہیں،پاکستان امت مسلمہ کے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے اور وہ خطے میں قیام امن کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔امام کعبہ نے بتایا کہ حج 2023 کے لیے عازمین کی تعداد کی حد ختم کر دی گئی ہے،اب حج کورونا سے پہلے کی طرح ہوگاان شااللہ،اس سال عازمین حج کے لیے عمر کی کوئی حد نہیں ہو گی،سعودی حکومت نے حجاج اور عمرہ زائرین کو سہولیات کی فراہمی اور حج کے اجتماع کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنانے پر اربوں ڈالر خرچ کیے ہیں،عازمین اور زائر کی خدمت ہمارے لیے باعث فخر اعزاز ہے،پاکستان حجاج کا پرانا کوٹا بحال کردیا گیا ہے۔
امام کعبہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے علماء آگے بڑھیں اور معاشرے سے نفرت ختم کرنے اور بھائی چارے کی فضاء قائم کرنے میں کردار ادا کریں،اسلام میں مذہبی تعصب اور منافرت کی گنجائش نہیں،(پاکستان کے )حکمران قرآن و سنت سے رہنمائی حاصل کریں اور علماء اِنصاف کے لئے جدوجہد کریں۔
انہوں نے بطور خاص اس بات پر زور دیا کہ فقہی اور فروعی اختلافات میں تشدد کا راستہ اختیار کرنے کی بجائے ایک دوسرے کا احترام کیا جائے اور پوری طرح متحد ہو کر اسلام اور امت کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جائے،کفر کی ہمہ گیر یلغار کا مقابلہ کرنے کے لیے علماء کرام کا اتحاد اولین ضرورت ہے،علماء کرام کو اپنے عمل اور کردار کے حوالہ سے دوسروں کے لیے اسوہ اور قدوہ ہونا چاہیے اور مسلمانوں کی عملی راہنمائی کے لیے خود نمونہ بننا چاہیے۔

امام حرم مکہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ علماء کرام لوگوں کے سامنے قرآن و سنت کی تعلیمات کو اصلی اور صحیح حالت میں پیش کریں لیکن اس کے لیے وقت کے اسلوب اور طریق کار کا بھی لحاظ رکھیں اور آج کے ہتھیاروں کو پہچانیں ۔ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کا کہنا تھا کہ رواں سال حج سیزن میں کورونا پابندیوں کا خاتمہ خوش آئند ہے،پاکستان کے کوٹے کی بحالی اورحج کے مثالی انتظامات کی تیاریوں پر ہم سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں،ملاقات میں برطانیہ سے جماعتی وفود بھی شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں