لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی کوئی سکیم کامیاب نہیں ہورہی،عمران خان نے ٹھیک کہا اب شہباز شریف کا بندوبست کریں گے،نواز شریف شکست کی وجہ سے واپس نہیں آرہا۔
لاہورمیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ شکر ہے اللہ نے ہمیں موقع دیا،سیرت اکیڈمی اور خاتم النبینﷺ اکیڈمی کا افتتاح کردیا،منصوبے پر ڈیڑھ ارب روپے لاگت آئے گی،تمام ٹیکس بک بورڈ پر خاتم النبینﷺ لکھا جائے گا،سود کے خاتمے کے لئے ہم نے قانون بنایا تھا۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم نے تو اعتماد کا ووٹ لے لیا اب ان کو لینا پڑے گا،پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم)میں پھوٹ پڑچکی ہے،شہبازشریف کی کوئی سکیم کامیاب نہیں ہورہی،عمران خان نے درست کہا اب شہبازشریف کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا،نوازشریف کیوں وطن واپس نہیں آرہا،ان کو شکست نظر آرہی ہے،ن لیگ ایکسپوز ہوگئی الیکشن میں منہ چھپاتے پھریں گے،ان کو اعتماد کا ووٹ نہیں ملنا،ایم کیوایم کا حال دیکھ لیں،اب شہبازشریف کسی غیبی مدد کا انتظار کررہا ہے،قوم آپ کو پی ٹی آئی کے جھنڈے تلے جمع ہوتی نظر آئے گی،عمران خان ایماندار لیڈر ہے،ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا،سیلاب ہو یا کوئی اور آفت سب سے پہلے پنجاب حکومت سامنے آئی ہے،عمران خان ملک کے لئے جذبہ رکھتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعلیٰ کے لئے 3 نام عمران خان سے مشورہ کرکے آج رات 9 بجے تک دے دیں گے، باقی کے 3 نام حمزہ شہباز نے دینے ہیں،اچانک اعتماد کا ووٹ لے کر ہم نے سب کو سرپرائز دیا،نوازشریف نے رانا ثنا کی کلاس لینے کے لئے اسے بلایا ہے۔