لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب بار کونسل(پی بی بی سی) نے لاہور بار ایسوسی ایشن (ایل بی اے) کے الیکشن 24-2023 کا عمل مختلف امیدواروں کی جانب سے دھاندلی کے الزامات پر معطل کردیا جبکہ الیکشن بورڈ نے فیصلہ تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے نتائج کا اعلان کر دیا جس پر قانون کے رکھوالوں نے ایوان عدل کے سامنے اندھا دھند ہوائی فائرنگ کی جس سے خوف و ہراس پھیل گیا،پولیس خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتی رہی۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق لاہور بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات بدنظمی اور دھاندلی کے الزامات کے باعث ملتوی کردیئے گئے،بابر وحید کو قائم مقام صدر لاہور بار مقرر کرتے ہوئے چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل نے 23 تاریخ تک انتخابات روکنے کا تحریری حکم جاری کیا،ایوان عدل میں فائرنگ سے علاقے میں خوف وہراس پھیلا گیا،وکلا بھی فائرنگ سے ڈر کر منتشر ہو گئے۔دوسری جانب لاہور بار الیکشن کے نتائج کا اعلان کردیاگیا،نتائج کے مطابق حامد خان کی قیادت میں پروفیشنل گروپ کے رانا انتظار حسین 3ہزار 189 ووٹ لے کر صدر منتخب ہوئے،عاصمہ جہانگیر گروپ کے نام سے مشہور آزاد گروپ کے منیر حسین بھٹی 2ہزار 168 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے،صدر کے عہدے کے لیے میدان میں موجود تیسرے امیدوار رانا محمد نے 636 ووٹ حاصل کیے۔نائب صدر آصف امین گورئیہ نے 2057 ،ندیم انجم کو 1749 ووٹ ملے۔سیکرٹری کیلئے امیدوارملک کفیل کھوکھر نے 3 ہزار46ووٹ،عمر واڑئچ نے 2433 ووٹ لئے،فنانس سیکرٹری طاہرہ شاہین ڈھولوں نے 2352ووٹ لئے،نائب صدر ماڈل ٹاون سیٹ پر ہادی حسین بھٹی کو کامیاب قرار دے دیا گیا۔اس دوران امیدواروں کے حامی پولیس کی موجودگی میں اندھا دھند ہوائی فائرنگ کرتے رہے جس سے علاقہ کسی میدان جنگ کا منظر پیش کرتا رہا،خوفناک فائرنگ سے شہریوں کے ساتھ ساتھ وکلاء میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا۔قانون کے رکھوالوں کی جانب سے’غنڈوں ‘کی طرح کی جانے والی فائرنگ کی سول سوسائٹی نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکلاء قانون کے رکھوالے ہوتے ہیں،ہر سال بارز کے الیکشن میں اندھا دھند فائرنگ کرنا ایک معمول کی بات بن چکی ہے ،سینئر وکلاءکو اس عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے عناصر کو از خود اپنی صفوں سے باہر نکالتے ہوئے قانون کے سامنے پیش کرنا چاہئے ۔
دوسری جانب بارز کی صوبائی ریگولیٹری باڈی پنجاب بار کونسل نے بابر وحید کو لاہور بار ایسوسی ایشن کے روزمرہ کے امور چلانے کے لیے نگران صدر نامزد کیا اور تمام امیدواروں کو 16 جنوری کو اس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی۔چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل رانا سیف اللہ خان نے کہا کہ لاہور بار ایسوسی ایشن کے انتخابات 23 جنوری کو ہوں گے۔سیف اللہ خان نے الیکشن بورڈ کے چیئرمین نوید عنایت ملک کو بھی ہدایت کی کہ وہ انتخابات کا مکمل مینوئل اور بائیو میٹرک ریکارڈ پنجاب بار کونسل کے رکن بابر وحید کے حوالے کریں۔جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مختلف امیدواروں کے ساتھ ساتھ ووٹرز نے بھی شکایت کی کہ انہیں آزادانہ طور پر ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی گئی بلکہ انہیں ووٹ دینے کے حق سے محروم رکھا گیا۔الیکشن بورڈ کے چیئرمین کو متعدد شکایات کی گئیں اور ہر 30 منٹ بعد پولنگ روکنی پڑی،الیکشن بورڈ کے چیئرمین اور ان کے ساتھی اپنی ذمہ داریاں نبھانے اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے میں ناکام رہے۔
