کراچی(خصوصی وقائع نگار)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے کراچی اور حیدر آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن پر دھاندلی میں براہ راست ملوث ہونے کا الزام عائد کردیا۔
’پاکستان ٹائم‘ کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر سید علی زیدی نے پارٹی رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں الیکشن کمیشن پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن دھاندلی میں براہ راست ملوث ہے،ہم انتخابی نتائج مسترد کرتے ہیں،اگر اس بات پر مجھ پر توہین الیکشن کمیشن لگاتے ہو تو بسم اللہ کرو۔علی زیدی کا کہنا تھا کہ کل پورا دن جو ہوا وہ سب نے میڈیا پر دیکھا،رابستان خان،عدیل احمد دھاندلی روک رہے تھے انہیں پولیس نے گرفتار کر لیا،کل دوپہر پاکستان کے تمام اینکرز نے امجد آفریدی کی ویڈیو ٹوئٹ کی،وہ دھاندلی دکھا رہے تھے، دھاندلی کے باوجود تحریک انصاف بہت سی نشستوں پر کامیاب ہوئی،رات میں امجد آفریدی اور ان کے بھائی کو مارا گیا،ان سب کے ذمے دار کون ہیں؟یہاں بدمعاشوں کا ٹولہ حکومت کر رہا ہے،فہیم خان،راجہ اظہر کے پیچھے پولیس لگائی ہوئی ہے،اس کانفرنس کے بعد شاید میرے پیچھے بھی پولیس لگ جائے،ہم سادہ الفاظ میں شفاف الیکشن مانگ رہے ہیں،کیا پاکستانی ہونے کے ناطے ہمارا حق نہیں ہے کہ ہمیں فیئر الیکشن ملیں؟چیئرمین تحریک انصاف کہتے ہیں الیکشن کمیشن پی ڈی ایم کی جماعت ہے۔
علی زیدی نے الزام عائد کیا کہ پولیٹیکل انجینئرنگ کے ذریعے پیپلز پارٹی کو جتوانے کی کوشش کی جارہی ہے، پیپلز پارٹی بی بی شہید کےساتھ دفن ہو چکی ہے اور موجودہ پارٹی زرداری مافیا ہے،بلاول تم بھی کرپٹ ہو،تم کرپشن میں ملوث ہو،پیپلز پارٹی گڑھی خدا بخش میں دفن ہو گئی،یہ زرداری مافیا ہے،کچھ جماعتیں الیکشن سے بھاگتی رہیں،ہم الیکشن کے انعقاد کیلئے ڈٹ کرکھڑے رہے لیکن کل جو ہوا اسے الیکشن کہنے والے سے بڑا احمق نہیں دیکھا،الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کرانے میں ناکام ہوگیا،وہ دھاندلی میں براہ راست ملوث ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ دھاندلی کے باوجودپی ٹی آئی نے 70 سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل کی،ہمارے پاس پولیٹیکل انجینئرنگ کے ذریعے دھاندلی کے ثبوت موجود ہیں جنہیں عدالت لے کر جائیں گے،ڈی کمشنرز اور ریٹرننگ آفیسرز جو کر رہے ہیں ہمیں سب علم ہے،ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ الیکشن کمشنر جانبدار ہے،ملک میں بدمعاشوں کا ٹولہ حکومت کر رہا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمارے ایم پی ایز کے پیچھے پولیس کولگا دیا گیا،ان کے خلاف ایف آئی آرز کاٹی گئیں۔فارم 11 پر جعلی دستخط کے ثبوت موجودہیں،یہ مینڈیٹ چوری کرنے والے ملک کونقصان پہنچاتے ہیں،کراچی میں کوئی بھی انتخابات اور نتائج کو تسلیم نہیں کر رہا،نتائج کیلئے امیدوار اور کارکنان آر اوز کے آفس بیٹھے ہیں۔
