اسلام آباد(وقائع نگار) گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 271 اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کی رکنیت معطل کردی۔
’پاکستان ٹائم ‘کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کی رکنیت سالانہ گوشوارے جمع نہ کرنے پر معطل کی گئی اور معطل اراکین قومی اسمبلی، سینیٹ اور صوبائی اسمبلی کے اجلاسوں میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اعتماد کے ووٹ سمیت قانون سازی میں معطل اراکین شریک نہیں ہوسکیں گے۔ الیکشن کمیشن سپیکرز اور چیئرمین سینیٹ کو معطل اراکین کی فہرست بھجوائے گا۔الیکشن کمیشن نے جن 271 اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کی ہے ان میں قومی اسمبلی کے 136 ارکان اور 21 سینیٹرز شامل ہیں۔سندھ اسمبلی کے 48، خیبر پختونخوا اسمبلی کے 54 اور بلوچستان اسمبلی کے بھی 12 ارکان بھی معطل ہونے والوں میں شامل ہیں ۔معطل ہونے والے اراکین میں مسلم لیگ ن کے احسن اقبال، خواجہ آصف، پیپلز پارٹی کے تاج حیدر،نوید قمر پاکستان تحریک انصاف کے فواد چودھری، مراد سعید، اسد عمر، عمر ایوب، زرتاج گل سمیت دیگر شامل ہیں۔
