لاہور(وقائع نگار خصوصی)وزیراعظم شہبازشریف نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے مشاورت مکمل کرلی،اب حتمی فیصلے کے لیے آصف علی زرداری سے مشاورت کریں گے۔
’پاکستان ٹائم‘ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے لیگی رہنما ملک محمد احمد خان سے ملاقات میں نگران وزیراعلیٰ کے لیے ناموں پر مشاورت کی۔ملاقات کے بعد اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے مقرر کردہ نمائندے ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ نگران وزیر اعلی کے لیے وزیر اعظم سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔وزیراعظم شارٹ لسٹ کیے گئے ناموں پر آصف علی زرداری سے مشاورت کریں گے اور آج شام تک تین فائنل نام گورنر پنجاب کو بھجوا دئیے جائیں گے۔دوسری طرف مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سابق صدر آصف علی زرداری،مسلم لیگ(ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اورپاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو ٹیلی فون کر کے پنجاب کے نگران وزیر اعلی کے نام پر تینوں قائدین سے مشاورت کی۔وزیراعظم نے اتحادی قائدین سے ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی مشاورت کی ۔
واضح رہے کہ گورنر کے پاس آج رات دس بج کر دس منٹ تک کا وقت ہے،اس کے بعد نگران وزیر اعلیٰ کے تقرر کا اختیار چھن جائے گا،جس کے بعد معاملہ سپیکر کی کمیٹی میں چلا جائے گا۔سپیکر حکومت اور اپوزیشن کے تین تین ناموں پرمشتمل کمیٹی تشکیل دیں گے،جو تین دنوں میں نگران وزیراعلیٰ کے نام کا متفقہ فیصلہ کرے گی،اگر سپیکر کمیٹی بھی متفقہ نام فائنل نہ کرسکی تو پھر الیکشن کمیشن میں معاملہ جائے گا،جو 2 روز میں نگران وزیر اعلیٰ کا تقرر کرے گا