لاہور(سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ ن کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے نامزد دو افراد کے نام سامنے آگئے،ن لیگ کی جانب سے نجی ٹی وی چینل ’سٹی نیوز نیٹ ورک‘ کے مالک محسن نقوی اور وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر احد خان چیمہ کا نام نگران وزیر اعلیٰ کے لئے تجویز کرتے ہوئے گورنر پنجاب کو بجھوا دیئے ہیں ۔
’پاکستان ٹائم‘ کے مطابق مسلم لیگ ن نے نگران وزیر اعلیٰ کے لیے 2 نام گورنر پنجاب کو بھجوا دیئے ہیں،ن لیگ کی جانب سے نجی ٹی وی چینل ’سٹی فورٹی 2 ‘کے مالک محسن رضا نقوی(جو چوہدری برادران کے قریبی رشتہ دار اور سابق صدر آصف علی زرداری کے انتہائی قریبی دوست اور بزنس پارٹنر سمجھے جاتے ہیں )اور شریف برادران کے انتہائی قابل اعتماد سابق بیورو کریٹ اور وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر احد خان چیمہ کے نام نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے تجویز کیے گئے ہیں۔اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی جانب سے گورنر پنجاب کو خط لکھا گیا جس میں حمزہ شہباز نے ملک محمد احمد خان کو نگران وزیر اعلیٰ کے معاملے پر اپنا نمائندہ مقرر کیا تھا ۔
کچھ دیر قبل یہ خبرسامنے آئی تھی کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے آج آصف زرداری سے حتمی مشاورت کرنے کے بعد شام کو 3 نام گورنر کو بھجوا دیئے تاہم وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے انکشاف کیا کہ ن لیگ کے نامزد کردہ جسٹس(ر) سعید خواجہ نے نگران وزیراعلی بننے سے معذرت کرلی ہے۔پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے جسٹس(ر) سعید خواجہ کو نامزد کیا لیکن انہوں نے نگران وزیر اعلیٰ بننے سے معذرت کر لی ہے۔
یاد رہے کہ آج رات 10 بج کر 10 منٹ پر گورنر کی طرف سے نگران وزیر اعلیٰ کے تقرر کا اختیار ختم ہوجائے گا۔نگران وزیر اعلیٰ کے تقرر کے لئے اپوزیشن اور حکومت کی جانب سے متفقہ نام پر اتفاق نہیں ہو سکا،اگر متفقہ نام پر اتفاق ہو جاتا ہے تو حکومت اور اپوزیشن کے متفقہ نام پر گورنر پنجاب نگران وزیر اعلی کا تقرر کریں گے۔آج رات تک متفقہ نام نہ آیا اور نگران وزیر اعلیٰ کا تقرر نہ ہوا تو معاملہ سپیکر کی کمیٹی میں جائے گا۔سپیکر حکومت اور اپوزیشن کے 3،3ناموں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیں گے جو 3 دنوں میں نگران وزیر اعلیٰ کے نام کا متفقہ فیصلہ کرے گی۔سپیکر کمیٹی بھی متفقہ نام فائنل نہ کرسکی تو معاملہ الیکشن کمیشن میں جائے گا جو 2 روز میں وزیر اعلیٰ کا تقرر کر دے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اور حکومتی کمیٹی کا متفقہ نام پر اتفاق ہونا مشکل نظر آ رہا ہے۔