کراچی میں دوباہ انتخابات کرائے جائیں،تحریک انصاف کا مطالبہ

کراچی(وقائع نگار)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اور انتظامیہ بے بس نظر آرہے ہیں،کراچی والوں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے،ہمیں مردم شماری ہونے کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے،ظلم کے خلاف کراچی والے کھڑے ہوگئے تو کہا جائے گا دہشت گرد آگئے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کراچی بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی گئی اور کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں مینڈیٹ چوری کرنے کی کوشش کی گئی،پیپلز پارٹی کے ایک ہزار بیلٹ پیپرز پر ٹھپے پہلے سے لگے تھے جبکہ سیاسی کارکنوں پر حملے کیے گئے اور ان پر تشدد کیا گیا، 15جنوری کو صبح پولنگ سٹیشنز میں عملہ بھی نہیں تھا،پولنگ کے بعد پورے کراچی میں تماشا کیا گیا،کراچی جیسے شہر میں نتائج میں تاخیر کی گئی،بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کی نشستیں بھی چھینی گئی ہیں،یہ لوگ عمران خان سے خوفزدہ ہیں،بلدیاتی انتخابات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔
اسد عمر نے کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن کو مستعفی ہونا چاہیے،کراچی میں یونین کونسلز کے نتائج آنے میں گھنٹوں لگ گئے،حکومتی مشینری کے ذریعے لوگوں پر دباو ڈالا گیا جبکہ آر اوز اور ڈی آر اوز منتیں کر رہے ہیں کہ ہمارے بچے ہیں ہم نتائج نہیں دے سکتے۔جب الیکشن چوری ہوا تو اس وقت احتجاج ہوا،الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کروانے میں ناکام رہا ہے،بلدیاتی الیکشن کالعدم قرار دے کر دوبارہ الیکشن کروایا جائے،یہ جتنا بھی ظلم کرلیں،کراچی کی آواز نہیں دبائی جاسکتی،الیکشن چوری کرنے والے کو چور ہی کہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں