تحریک انصاف نے ن لیگ کی بڑی وکٹ گرا دی،پیر امین الحسنات’کھلاڑی‘بن گئے

لاہور(وقائع نگار خصوصی)عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) نے مسلم لیگ ن کی بڑی وکٹ گرا دی،سابق وزیر برائے برائے مذہبی امور اور مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما پیر محمد امین الحسنات نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
’پاکستان ٹائم‘ کے مطابق پیر امین الحسنات نے شاہ محمود قریشی،فواد چوہدری اور عامر کیانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پیر امین الحسنات سے ہمارا بڑا قدیم اور روحانی رشتہ ہے،ان کی تحریک انصاف میں شمولیت سے پی ٹی آئی سرگودھا میں مزید مضبوط ہو گی۔پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے امین الحسنات کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پیر امین الحسنات کی شمولیت سے پی ٹی آئی مضبوط ہوگی۔رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے پی ٹی آئی میں شمولیت پر پیر حسنات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عمران خان کی اسلام کیلئے خدمات سب کے سامنے ہیں،ان کی رگ رگ میں عشق رسول ﷺ کا فلسفہ ہے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ن لیگ کا صفایا ہوگیا،رہی سہی کسر آج پوری ہوگئی،پیر حسنات کے مشورے سے علاقے کی سیاست کو عروج ملے گا۔انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کے حوالے سے طنزیہ کہا کہ راجہ پرویز اشرف نے اپنے کمرے میں سرنگ بنائی ہوئی ہے،جب بھی ہم جاتے ہیں وہ سرنگ سے باہر نکل جاتے ہیں۔اس موقع پر پیر امین الحسنات کا کہنا تھا کہ شاہ محمود سے میری محبت کا رشتہ بہت پرانا ہے،آپ ہمارے خاندان کے سربراہ ہیں،ہم اپنا دل آپ کے راستے میں بچھاتے ہیں۔
یاد رہے کہ 2013 کے انتخابات میں ندیم افضل چن کو ایک لاکھ ووٹوں کی واضح برتری سے شکست دینے کے باوجود 2018 کے انتخابات میں مسلم لیگ کا ٹکٹ نہ ملنے پر مسلم لیگ ن اور پیر خاندان کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات اب کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔واضح رہے کہ پیر امین الحسنات نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کی کابینہ کا بھی حصہ رہ چکے ہیں، پیر امین الحسنات این اے 64 سرگودھا سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں