کراچی(کامرس رپورٹر)رواں مالی سال جولائی تا دسمبر 1 ارب 16 کروڑ ڈالرز سے زائد کی گاڑیاں درآمد کیں گئیں جن میں لگژری کاریں،موٹرسائکلیں،بسیں،ٹرک اورہیوی وہیکلز شامل ہیں۔
’پاکستان ٹائم ‘ کو ملنے والی دستاویزکے مطابق 8 کروڑ 76 لاکھ ڈالر کے ائیرکرافٹ،بحری جہاز اور کشتیاں اور 7 کروڑ 48 لاکھ ڈالرزکی لوڈر گاڈیاں درآمد کی گئیں ہیں۔دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ 3 کروڑ 26 لاکھ ڈالرز کی کاریں درآمد کی گئیں۔صرف دسمبر 2022 میں 52 لاکھ 32 ہزار ڈالرز کی کاریں درآمد کیں جبکہ 6 لاکھ 15ہزار ڈالرز مالیت کی موٹرسائیکلیں درآمدکی گئیں ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان امپورٹڈ گاڑیوں کی ایک بڑی مارکیٹ ہے جو متعدد ٹیکسوں اور نئی عائد ہونے والی ڈیوٹیوں کے باوجود کم نہیں ہو رہی کیونکہ یہ گاڑیاں استعمال کرنے والوں کا ماننا ہے کہ معیار اور آرام میں بیرون ملک سے منگوائی گاڑیاں مقامی طور پر تیار کی گئی گاڑیوں سے کئی درجے بہتر ہیں لیکن ان گاڑیوں کی پاکستان میں درآمد پر جہاں ایک طرف بیش بہا ٹیکس عائد ہے تو دوسری طرف ان کو درآمد کرنے والے کار ڈیلرز بے پناہ منافع لیتے ہیں جس کی وجہ سے عام آدمی کو امپورٹد گاڑی بہت مہنگی پڑتی ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ مالی سال 2021 میں نئی کاروں،جیپوں،وینز، پک اپس،دو پہیوں اور بسوں کے ریکارڈ 10 ہزار 513 یونٹس درآمد کیے گئے جبکہ مالی سال 2020 میں ایک ہزار 680 یونٹس،سال 2019 میں 3 ہزار 716 یونٹس اور مالی سال 2018 میں7 ہزار 424 یونٹس درآمد کیے گئے تھے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/01/Cars43-640x480.jpg)