لاہور(کرائم رپورٹر)پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ پنجاب بڑی تباہی سے بچ گیا ،کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) نے صوبے کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 5خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ دہشت گردوں کی گرفتاری لاہور، بہاولپور اور شیخوپورہ میں خفیہ آپریشن کے دوران عمل میں لائی گئی۔لاہور سے گرفتار دہشت گرد کی شناخت محمود موسی کے نام سے ہوئی جس کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے بتایا جاتا ہے۔دیگر گرفتار دہشت گردوں میں عبدالحنان، رحمت علی، معاویہ اور محمد عربی شامل ہیں۔ملزمان کے خلاف 4 مقدمات درج کرکے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔سی ٹی ڈی کے مطابق رواں ہفتے 458 کومبنگ آپریشن کرکے ستانوے مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جن کے خلاف باون مقدمات درج کئے گئے ہیں۔