سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی،پاکستان کا شدید احتجاج

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان نے سویڈن میں قران پاک کی بے حرمتی کی اجازت کی شدید مذمت کر دی ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسلاموفوبیا پر مبنی کارروائی سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوگی،ایسی کارروائیاں کسی بھی طرح سے آزادی اظہار رائے کی آڑ میں جائز نہیں۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے،پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان دوسرے مذاہب کا احترام کرتے ہیں،سویڈن کے حکام کو پاکستان کی تشویش سے آگاہ کر دیا گیا ہے،سویڈش حکام اسلاموفوبیا کی روک تھام کے لیے اقدامات کریں۔خیال رہے کہ اسی معاملے پر ترکیہ اور سویڈن کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے۔انقرہ نے سویڈش وزیر دفاع پال جانسن کا دورہ منسوخ کر دیا۔ 27 جنوری کو پال جانسن نے ترکیہ کا دورہ کرنا تھا۔ترکیہ نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور 12 جنوری کو رجب طیب اردوان کا پتلا لٹکانے پر سفیر کی طلبی کی تھی۔سویڈن حکومت نے مسلم مخالف رہنما کو قرآن پاک شہید کرنے کی اجازت دی تھی۔سویڈن اخبار نے ترکیہ صدر رجب طیب اردوان کی طنزیہ خاکہ نگاری کے لیے مقابلے کا آغاز کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں