استعفوں کی منظوری،کپتان جوابی وار کے لئے تیار

لاہور(وقائع نگار)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم )کی اتحادی حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے بعد عمران خان نے حکومت کو جواب دینے کے لیے حکمت عملی تیار کر لی،عمران خان ڈاکٹرز سے اجازت ملنے کے بعد خود حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے میدان میں اتریں گے۔
’پاکستان ٹائم ‘کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لئے ایک بار میدان میں نکلنے کا فیصلہ کیا ہے،اس سلسلہ میں انہوں نے پی ٹی آئی کی قیادت کو جلسوں کا شیڈول تیار کرنے کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں،انتخابی مہم میں رجیم چینج کے ساتھ مہنگائی کو ایشو بنایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے اکنامک ٹیم کو معاشی بحران سے نکلنے کے لیے تجاویز تیار کرنے کی ہدایت کی ہے،ملک کو بدترین معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے عمران خان قوم کو روڈ میپ دیں گے۔
عمران خان نے سوشل میڈیا ٹیم کو حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں اور مہنگائی کو ایشو بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔عمران خان نے 70 ارکان کے استعفے منظور کیے جانے کے بعد رہنماوں کو باقی استعفوں کی منظوری کے لیے ٹاسک دے دیا۔ذرائع کے مطابق الیکشن کراو ملک بچاو اور ڈور ٹو ڈور مہم کو مذید تیزی لانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے، عمران خان نے پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ انتخابات سے پہلے تحریک انصاف کا پیغام گھر گھر پہنچنا چاہئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں