پنجاب کا نگران وزیراعلیٰ کون؟الیکشن کمیشن نے نام کا اعلان کردیا

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے تجویز کئے گئے چار ناموں پر طویل مشاورت کے بعد نجی ٹی وی چینل کے مالک محسن رضا نقوی کانام بطور نگران وزیراعلیٰ پنجاب تقرر کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کیلئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس شروع ہوا،اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر ممبران شریک ہوئے۔حکومت کی جانب سے احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے تجویز کیے گئے تھے جبکہ اپوزیشن نے نجی ٹی وی کے مالک محسن رضا نقوی اور سابق بیورو کریٹ احد چیمہ کے نام دیے تھے ۔ الیکشن کمیشن کے پاس نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کے لیے رات ساڑھے دس بجے تک کا وقت تھا تاہم وقت ختم ہونے سے چند لمحے قبل ہی الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان کردیا ہے ۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد حکومت اور اپوزیشن نگران وزیر اعلیٰ کیلیے کسی ایک نام پر متفق نہیں ہو سکے تھے۔یہ بھی یاد رہے کہ اس سے قبل ن لیگ کے نامزد امیدوار بیوروکریٹ ناصر سعید کھوسہ نے نگراں وزیراعلیٰ بننے سے معذرت کرلی تھی جبکہ دوسری جانب سابق چیف سیکریٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا منصب عندیہ دےدیا تھا تاہم قرعہ فال محسن نقوی کے نام پر نکل آیا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں