ڈالر کا اوپن مارکیٹ ریٹ،ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن نے حیران کن فیصلہ کرلیا


کراچی(کامرس رپورٹر)ایکسینج کمپنیز نے ڈالر کے اوپن مارکیٹ ریٹ خود طے کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے ڈالر ریٹ کیپ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، یہ فیصلہ ملک بوستان کی زیر صدارت منعقدہ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زوم اجلاس میں کیا گیا جس میں ملک بھر کے تمام اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں شرکاءکا کہنا تھا کہ ڈالر ریٹ روکنے کے لیے ڈالر کی فروخت پر پابندی لگائی تھی، فیصلہ منفی ثابت ہوا اور مارکیٹ میں ڈالر ریٹ کم ہونے کے بجائے بڑھ گیا، لوگوں کومختلف ضروریات زندگی کے لیے ڈالر کی ضرورت تھی، کل گورنراسٹیٹ بینک اور ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سے ملاقات کریں گے، گورنر سٹیٹ بینک اسلام آباد میں ہیں، انہیں اعتماد میں لیا ہے، کل سے ہم ڈالر کی خرید پر پابندی اٹھادیں گے، حکومت، سٹیٹ بینک اور ایکس چینج کمپنیوں کی بدنامی تھی، لوگ سمجھ رہے تھے ہم جان بوجھ کر بلیک کررہے ہیں، بعض ایکس چینج کمپنیوں کی جانب سے شکایات بھی آئی ہیں۔
دوسری طرف ایکسینج کمپنیز ایسوسی ایشن (ای کیپ) کے اوپن مارکیٹ ریٹ خود نکالنے کے فیصلے کو ملک بھر کی ایکسینج کمپنیز نے خوش آئند قرار دے دیا۔ای کیپ کے مطابق کل ڈالر کی خرید 254 اور قیمت فروخت 257 روپے کے درمیان ہوگی۔اس ضمن میں معاشی تجزیہ کار مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں سرکاری، انٹر بینک ایکسینج ریٹ اور بلیک مارکیٹ ریٹ چل رہے تھے، ای کیپ کے فیصلے کے بعد کل سے ڈالر کا ایکسینج کمپنی اور بلیک مارکیٹ ریٹ برابر ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ ملکی تبادلہ منڈیوں میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔سٹیٹ بینک کے مطابق منگل کے روز انٹر بینک میں 25 پیسے اضافے کے بعد ڈالر 230 روپے 40 پیسے کی بلند سطح پر بند ہوا ہے۔رواں ہفتے کے ابتدائی دو دنوں میں ڈالر 73 پیسے مہنگا ہو چکا ہے جب کہ اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت فروخت 240 روپے ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈالر کی قیمت 48 پیسے اضافے سے 229 روہے 67 پیسے ریکارڈ کی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں