پاکستان کی آئی ایم ایف کو ایسی یقین دہانی کہ عوام کی چیخیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں


اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو گیس مہنگی اور پیٹرول لیوی بڑھانے کی یقین دہانی کرادی ہے ،مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک بار پھر اشیائے خوردو نوش اور ضروریات زندگی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ دیکھنے کو ملے گا جس سے عام آدمی کی زندگی مزید اجیرن ہو جائے گی ۔
”پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات شروع ہوگئے ہیں، جس میں اسلام آباد نے نویں جائزے کے بعد پروگرام بحال کرنے پر اصرار کیا۔پاکستان نے آئی ایم ایف سے کہا کہ گیس جلدی مہنگی کردیں گے، پیٹرول پر لیوی بھی بڑھا رہے ہیں، ٹیکس بھی پورا لیں گے، بس آپ قرضہ دے دیں۔ دوران مذاکرات آئی ایم ایف نے بجلی پر سبسڈی اور مختلف شعبوں کے استثنیٰ ختم کرنے اور ڈالر کی قیمت پر کنٹرول نہ رکھنے کی شرطیں لگا دیں۔اس موقع پر پاکستان نے رواں سال کے لیے مقرر کردہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف مکمل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ آئی ایم ایف کو پاکستانی وفد نے گیس قیمتوں میں جلد اضافے کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2022ءسے ہوگا۔ پاکستانی وفد نے عالمی مالیاتی ادارے کو بتایا کہ اوگرا اس سلسلے میں فیصلہ سنا چکا ہے، گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری جلد ہی کابینہ دے گی۔پاکستانی وفد نے آئی ایم ایف کو بتایا کہ گیس کے شعبے کا گردشی قرض بھی ختم کیا جارہا ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات پر پی ڈی ایل مرحلہ وار بڑھایا جا رہا ہے۔آئی ایم ایف نے پاکستانی وفد سے کہا کہ روپے کی قدر میں اضافے کو مصنوعی طریقے سے نہ روکا جائے، بجلی پر سبسڈی بھی ختم کی جائے، ٹیکس کا جی ڈی پی تناسب بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور مختلف شعبوں کو دیے گئے استثنیٰ کو ختم کیا جائے۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کی طرف سے سیکریٹری خزانہ حامد یعقوب شیخ کی سربراہی میں وفد نے مذاکرات کیے جبکہ آئی ایم ایف کی طرف سے مشن چیف ناتھن پورٹر مذاکرات میں شریک ہوئے، اس موقع پر پاکستانی وفد نے معاشی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں