”فواد چوہدری کیس عدالت میں دو نفلوں کی مار ہے “ شیخ رشید کی الیکشن کمیشن پر چڑھائی


راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ فواد چوہدری کی گرفتاری جلتی پر پیڑول کا کام کرے گی، 90دنوں میں2صوبائی اسمبلیوں میں الیکشن ہونے جارہے ہیں اورالیکشن کمیشن سیاست دانوں پرپرچے کٹوارہاہے ،جو اس کا کام نہیں ، الیکشن کمیشن اپنی ساکھ کواتنا نہ گرائے کہ قوم کا الیکشن سے اعتبار اٹھ جائے، ایف آئی آرپڑھ کر اندازاہ ہوا یہ کیس عدالت میں 2 نفلوں کی مارہے، قوم کو الیکشن کی طرف جانے دیا جائے ورنہ قوم سڑکوں پر فیصلہ کرے گی۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا کام پرچے کروانا نہیں بلکہ الیکشن کروانا ہے، حکومت کے ارادے واضح ہو چے ہیں، عوام کو سمجھ جانا چاہیئے کہ یہ الیکشن نہیں، کچھ اور کرنے جا رہے ہیں، فواد چوہدری کی گرفتاری میں الیکشن کمیشن سیاسی فریق بن گیا ہے،عالمی مالیاتی ادارے( آئی ایم ایف) کی شرائط سے پہلے گرفتاریوں کا دور شروع ہوگا، جس کے بعد جام حکومت کا سڑکوں پر کام تمام ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جو قوم الیکشن کمیشن پر اعتبار نہیں کر رہی، وہ الیکشن کے نتائج پر کیا خاک اعتبارکرے گی؟چھوٹا بھائی پرائم منسٹرہے اور بڑے بھائی کے پاکستان آنے پر پاو¿ں میں مہندی لگی ہے، الیکشن کا مطالبہ کرنےوالے الیکشن پرجانے کےلئے تیار نہیں ہیں، نیب ترامیم سے فائدہ اٹھانے والے عنقریب قوم کے احتساب کی بھینٹ چڑھیں گے۔سابق وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر4بلین سےکم اور آئی ایم ایف کی شرائط سرپر ہیں، وزیروں کاجمعہ بازارلگاہے، سیاسی اقتصادی معاشی اور توانائی کا بحران حکومت کے گلے پڑنے والا ہے، ملک جام ہے حکومت کاکام تمام ہے، فواد کی گرفتاری جلتی پر پیڑول کا کام کرے گی، اب ملک الیکشن کے بجائے تشدد کی راہ پر چل پڑا ہے، فیصلے سڑکوں پر ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں