گجرات(وقائع نگارخصوصی)پاکستان مسلم لیگ ق کے نومنتخب صدر چوہدری وجاہت حسین کو پارٹی کا صدر بنتے ساتھ ہی ایک بڑا جھٹکا لگ گیا ،بیٹے موسیٰ الٰہی کے خلاف لاہور کے بعد پولیس سٹیشن ککرالی میں بھی دہشت گردی اور اقدام قتل کا مقدمہدرج کر لیا گیا ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق ق لیگ کے نو منتخب صدر اور سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین کے بیٹے موسی الٰہی کے خلاف لاہور کے بعد گجرات میں بھی دہشت گردی اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق چوہدری موسیٰ الٰہی کے سیکیورٹی گارڈز نے چند روز پہلے کوٹلہ کے سول ہسپتال میں شدید ہوائی فائرنگ کی تھی جس کی پاداش میں موسی الٰہی اور اسلحہ برداروں کیخلاف دہشتگردی اور اقدام قتل سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا،مذکورہ مقدمہ تھانہ ککرالی میں درج کیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی موسی الٰہی کیخلاف ایک مبینہ آڈیو وائرل ہونے پر لاہور کے تھانہ غالب مارکیٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں انہوں نے شہباز شریف کیخلاف عدم اعتماد کے معالمے پر ایک خاتون رکن اسمبلی کو غائب کرنے کی بات کررہے تھے۔