ڈالرز نے پاکستانی معیشت کو ٹیک اوور کر لیا


کراچی(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹراسحاق ڈار کی رام کہانی الٹی پڑگئی، ڈالر نے پاکستانی معیشت کو ٹیک اوور کرلیا، ایک دن میں24 روپے54 پیسے اضافے سے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے، 255روپے 43پیسے کا ہوگیا،اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی کرنسی19روپے اضافے سے 262روپے کی ہوگئی۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق ملک میں ڈالر کی بلند پرواز نے سونے کو بھی آگ لگا دی ہے ، چار ہزار 900 روپے مہنگا ہونے کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 95ہزار 500 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ای کیپ) کی جانب سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت کی مقررہ حد (کیپ) ہٹانے کے ایک روز بعد انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر ریکارڈ اضافہ ہوا اور 255 روپے 43 پیسے کا ہوگیا جبکہ غیرسرکاری ایکسچینج ریٹ کے مطابق پاکستانی روپیہ کم ترین سطح پر آگیا اور ڈالر گزشتہ روز کے مقابلے میں 24 روپے 54 پیسے یا 9.61 فیصد اضافہ ہوا۔سیکریٹری جنرل ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن ظفر پراچہ کا کہنا ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں نے بھی عالمی مالیاتی اداررے(آئی ایم ایف) کی شرط پوری ہونے پر سرمایہ کاری بڑھا دی ہے جبکہ تجزیہ کار طاہر عباس کا کہنا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط تو مان لیں لیکن اس کا خمیازہ مہنگائی کی صورت میں عوام نے برداشت کرنا ہے۔ادھر سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے موجودہ وزیر خزانہ اسحاق ڈارپرکڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈار صاحب نے سوچا تھاکہ شاید وہ آئی ایم ایف کے بغیر ملک کو چلا سکتے ہیں، اس کوشش سے بڑا نقصان ہوا، علم نہیں ڈارصاحب کوکیوں لایاگیا؟ اب حکومت اس بات پر راضی ہوگئی ہے کہ آئی ایم ایف کی کڑی شرائط ماننا پڑیں گی، ایک چھوٹی سی اشرافیہ ہمارے ملک کے سارے فیصلے کرتی ہے۔دوسری جانب برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ پاکستانی معیشت ڈوبنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ پاکستان میںزرمبادلہ کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے۔ تاجروں کو کاروبار کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، پاکستانی بندرگاہوں میں درآمدی سامان سے بھرے کنٹینرز پھنسے ہوئے ہیں۔ غیر ملکی فضائی کمپنیوں نے اپنے آپریشنز بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں