عمران خان کی ممکنہ گرفتاری ،صدر مملکت عارف علوی نے خبردار کردیا


لاہور(وقائع نگار خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ مائنس عمران خان فارمولا کامیاب نہیں ہو سکتا،ایسا ہوا تو سخت عوامی ردعمل آئے گا، ملک ڈیفالٹ نہیں ہو رہا، عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف) سے مذاکرات کامیاب ہوں گے،فواد چوہدری کے ساتھ ہونے والے سلوک پر شرمندگی ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق گورنر ہاوس لاہور میں سینیئر صحافیوں سے گفتگو کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) حکومت سے الیکشن اور معیشت پر مذاکرات کیلئے تیار ہے، اگرعمران خان ون آن ون مذاکرات نہیں کرنا چاہتے تو دوسرے، تیسرے درجے کی لیڈر شپ مذاکرات کرسکتی ہے، عمران خان کو خدشہ ہے کہ حکومت الیکشن کرانے میں سنجیدہ نہیں، الیکشن کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کو مل بیٹھنا چاہئے، حکومت کو کئی مرتبہ اپوزیشن سے مذاکرات کی دعوت دی لیکن حکومت نے ڈیڑھ ماہ سے کوئی جواب نہیں دیا، مذاکرات کے حوالے سے حکومت کی جانب سے مکمل خاموشی ہے،اس وقت کسی بھی سطح پر کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے جس کا ذمہ دار حکومت کو سمجھتا ہوں کیونکہ عمران خان مذاکرات سے انکاری نہیں ، اسٹیبلشمنٹ سے بھی میرا کوئی رابطہ نہیں ہے، فوج کہہ چکی وہ سیاست سے دور رہنا چاہتی ہے، میرا خیال تھا لوگ مذاکرات کیلئے بیٹھ جائیں گے، اس وقت ملک کو ضرورت ہے لوگ بیٹھ کر بات کریں، فوج کی جانب سے سیاست سے دور رہنے کا کہا گیا اور اب سیاستدانوں کو خود اس خلا کو پر کرنا ہو گا، قبل از وقت نہیں تو الیکشن پر ہی بات کر لیں گے۔
مائنس عمران خان فارمولے کے حوالے سے صدر مملکت نے کہا کہ مائنس عمران خان فارمولا کامیاب نہیں ہو سکتا، عمران خان کی گرفتاری یا مائنس ون فارمولے پر سخت عوامی رد عمل سامنے آئے گا۔فواد چوہدری کی گرفتاری سے متعلق ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ فواد چوہدری کے ساتھ جو سلوک کیا گیا اس پر شرمندگی ہوئی، پی ٹی آئی کی طرف سے فواد چوہدری کی گرفتاری سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔معاشی حالات پر صدر مملکت نے کہا کہ ملک ڈیفالٹ نہیں ہو رہا، آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب ہوں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری کے حوالے سے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے حوالے سے آئینی طریقہ اپنایا گیا، آئینی طریقے سے نہیں جانچا جا سکتا کہ نگران وزیر اعلیٰ جانبدار ہے یا غیر جانبدار۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں