”میں کلی ای کافی آں“فواد چوہدری کی اہلیہ کی دبنگ انٹری ، مخالفین کو حیران کردیا


اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف آواز اٹھانے والی ان کی اہلیہ حبا فواد پیشی کے موقع پرعدالت پہنچیں تو مخالفین کو چیلنج بھی کردیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق فواد چوہدری کے بھائی ایڈووکیٹ فیصل چوہدری کے ہمراہ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حبا فواد نے ایک سوال کے جواب میں پنجابی میں برجستہ کہا کہ فواد چوہدری کے ساتھ یہ سلوک کرنے والوں کے لیے” میں کلی ای کافی آں“۔حبا فواد نے حمایت کرنے پر میڈیاکا شکریہ بھی ادا کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں سے فواد چوہدری کی پیشی کے موقع پر کوئی تکرار نہیں ہوئی، پولیس اہلکار فواد چوہدری سے ملنے سے ایسے روک رہے تھے جیسے ہم پتا نہیں کیا کردیں گے ؟رش کے باعث میرا پاو¿ں زخمی ہوگیا ہے، دھکے بھی لگے ہیں۔
اس سے قبل فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی آڈیو لیک پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نازیبا گفتگو کی مذمت کرتی ہوں، یہ ناقابلِ قبول ہے کہ پرویز الٰہی فواد چوہدری پر الزام لگائیں کہ ہمیں حکومت کرنے دیں کیونکہ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب رہنا تھا، پرویز الٰہی الزام لگا رہے ہیں کہ فواد چوہدری نے اسمبلی تحلیل کروائی ہے، وہ پارٹی پالیسی کے ساتھ نہیں کھڑے، فواد چوہدری کا اس میں اپنا ذاتی مفاد نہیں تھا، اگر آج آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ اسمبلی تحلیل نہیں کرنی چاہیے تھی تو آپ تحریک انصاف کے نظریے اور پالیسی کے ساتھ نہیں کھڑے ہوئے۔حبا فواد نے کہا کہ پرویز الٰہی کی گفتگو سے میرے اور میرے بچوں کے جذبات مجروح ہوئے، جس طرح کی پرویز الٰہی نے زبان استعمال کی کیا انہیں اور ان کی عمر کو ججتا ہے؟ انہوں نے شرمناک رویہ اختیار کیا۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے کیس میں 2 روز قبل لاہورسے گرفتارکیے جانے والے فواد چوہدری کو آج اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش کیا گیا تھا جہاں عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فوادچوہدری کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پراڈیالہ جیل بھیجنے کاحکم دیا،پی ٹی آئی رہنما کے خلاف سیکرٹری الیکشن کمیشن کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں