فواد چوہدری کے خلاف نا زیبا گفتگو ،پرویز الٰہی نے معافی مانگ لی


لاہور(سٹاف رپورٹر)سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی)کے گرفتار رہنما فواد چوہدری کے بھائی فیصل فرید ایڈوکیٹ کو ٹیلیفون کرکے فواد چوہدری کی گرفتاری سے متعلق کہی جانے والی باتوں پر معذرت کرلی۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق گرفتاری کے حوالے سے بیان پر فواد چوہدری کے اہل خانہ سے معذرت کرتے ہوئے پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری اور ان کے خاندان سے نہایت احترام و عقیدت کا رشتہ ہے،دوران تقریر نادانستہ بیان سے فواد چودھری اوراہلخانہ کے جذبات مجروح ہوئے، جس پرافسوس ہے، فواد چوہدری کی گرفتاری اور جھوٹے پرچے کا اندراج قابل مذمت ہے۔
واضح رہے کہ پرویز الٰہی نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی والوں کو بہت سمجھایا کہ ابھی کام کرنے دو اسمبلی مت توڑو مگر میری ایک نہیں مانی گئی، ہم ایک سال اور کام کرتے تو یہاں ن لیگ کے کپڑے تک نہ ملتے، خان صاحب کے قریب موجود لوگوں نے ہی پارٹی کی جڑ کاٹی، چار پانچ قریبی لوگوں میں سے ایک پکڑا گیا ہے، پہلے پکڑا جاتا تو کام ٹھیک رہتا۔
دوسری جانب فواد چوہدری کی گرفتاری کے معاملے پر پرویز الٰہی کی مبینہ آڈیو بھی سوشل میڈیا پرگردش ہے جس میں انہیں کہتے سنا جاسکتا ہے کہ آڈیو فواد چوہدری کو دیرسے گرفتارکیا گیا اگرایک ماہ پہلے ایسا کرلیتے تواسمبلیاں نہ ٹوٹتیں۔آڈیو میں پی ٹی آئی رہنما کے لئے نامناسب زبان کا استعمال بھی سنا جاسکتا ہے تاہم تاحال اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی کہ یہ آڈیو پرویزالٰہی کی ہی ہے یا نہیں؟۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں