لاہور(وقائع نگارخصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے مرکزی رہنمااور سابق وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فرازنے کہا ہے کہ تمام سابق وزرائے اعظم کو سیکیورٹی فراہم کی جاتی ہے، عمران خان پر کچھ عرصہ قبل قاتلانہ حملہ ہواتھا، عمران خان کی جان کو اب بھی خطرات لاحق ہیں، سب کو پتہ ہے کہ عمران خان کو خطرہ کہاں سے ہے؟کچھ ہوا تو ذمہ داری راناثنا اللہ پرعائد ہوگی۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ہماری سیاست قانون اور آئین کے دائرے میں ہے، عمران خان نے کبھی عوام کو نہیں اکسایا، عمران خان قانون سے باہر کسی کام پر یقین نہیں رکھتے، ان کی سیکیورٹی کو واپس لے لیا گیا ہے، ہم نے عدالتوں میں 2 درخواستیں دائر کی ہیں، سب کو پتہ ہے کہ عمران خان کو خطرہ کہاں سے ہے، کچھ ہوا تو ذمہ داری راناثنا اللہ پرعائد ہوگی، یہ غیر منتخب لوگ خاص ایجنڈے پر آئے ہیں، یہ لوگ وقت پر الیکشن نہیں چاہتے، یہ لوگ اپنے اقتدار کو طوالت دینا چاہتے ہیں۔
سینیٹرشبلی فراز کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی نگران حکومت میں سیاسی لوگوں کو لگایا گیا ہے، عملی طور پر قانون کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا گیا ہے، آئین پرعملدراری ریاست کی ذمہ داری ہے، حکمران آئین شکنی کررہے ہیں، آئین شکنی پر آرٹیکل 6 لگتا ہے، یہ لوگ ملک کو بنانا ری پبلک بنارہے ہیں، ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے، ملکی سالمیت خطرے میں ہے، حکمران ٹولے نے ملک کی اینٹ سے اینٹ بجادی ہے، قانون حکمران ٹولے کے گھر کی لونڈی بن گیا ہے، پنجاب میں الیکشن کمیشن نے متنازع شخص کو نگران وزیراعلیٰ لگایا۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/01/zzscdv-640x480.jpg)