اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے محسن رضا نقوی کی بطور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی تعیناتی سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلنج کر دی۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے بطور سیاسی جماعت اور اسد عمر نے بطور سیکرٹری درخواست دائر کی۔تحریک انصاف کی جانب سے محسن نقوی کو بطور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کام کرنے سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔پاکستان تحریک انصاف نے راجہ ریاض کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا نوٹیفکیشن بھی سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کے ممبر بابر حسن بھروانہ اور اکرام اللہ خان کی تعیناتی غیر آئینی قرار دی جائے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ محسن نقوی کا نگران وزیر تعیناتی کا نوٹیفکیشن غیر آئینی قرار دیا جائے اور ان کو بطور وزیر اعلیٰ جانبدار قرار دیا جائے۔
دوسری طرف عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی تقرری سپریم کورٹ میں چیلنج کر دی۔شیخ رشید نے ایڈوکیٹ سردار عبد الرازق ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے عدالت سے محسن نقوی کی تقرری کو غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کی۔درخواست میں شیخ رشید نے موقف اختیار کیا ہے کہ محسن نقوی اپوزیشن مخالف اور حکومتی مددگار کے طور پر سامنے آئے، محسن نقوی پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے آپریشن کے اہم کردار ہیں، محسن نقوی کی موجودگی میں پنجاب میں صاف اور شفاف انتخابات نہیں ہوسکتے۔ درخواست میں وفاقی سیکرٹری قانون، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور سیکرٹری قانون پنجاب اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آرٹیکل 224 اے کے تحت محسن رضا نقوی کی بطور نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کی تقرری کی تھی۔چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ارکان نے محسن رضا نقوی کے نام کی متفقہ طور پر تقرری کی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا تھا۔تقرری کے بعد محسن رضا نقوی نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھا لیا تھا اور بطور وزیرِ اعلیٰ پنجاب ذمے داریاں بھی انجام دینا شروع کردیں۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی جانب سے محسن رضا نقوی کی بطور وزیر اعلیٰ پنجاب تعیناتی کو مسترد کر دیا گیا۔واضح رہے کہ محسن رضا نقوی کا نام اپوزیشن کی جانب سے تجویز کیا گیا تھا۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/01/zzzdv-640x480.jpg)