لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے ”باغی رہنما“ جہانگیرخان ترین اور ان کے صاحبزادے علی ترین کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ خارج کرنے کا حکم دے دیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے( ایف آئی اے) کی درخواست منظور کرتے ہوئے جہانگیر ترین اورعلی ترین کے خلاف مقدمہ کینسل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضی ورک نے دو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ تحریری حکم کے مطابق تفتیشی کے مطابق موجودہ کیس میں منی لانڈرنگ کے کوئی شواہد نہیں ملے، عدالت تفتیشی افسر کی رپورٹ دیکھتے ہوئے ایف آئی آر کینسل کرنے کا حکم دیتی ہے۔تفتیش کے مطابق یہ انویسٹمنٹ کا کیس ہے جس کے لیے سول کورٹ کا فورم موجود ہے،موجودہ کیس میں ڈالرز کی شکل میں ٹرانزیکشنز کے بھی کوئی شواہد نہیں ملے، رپورٹ کے مطابق تمام تر ٹرانزیکشن ایس ای سی پی کے قانون کے مطابق ہوئی ہیں۔واضح رہے جہانگیر ترین اورعلی ترین کے خلاف 7 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا مقدمہ عمران خان کے دور میں ان سے اختلافات کے بعد درج کیا گیا تھا۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/01/zzzsvdv-640x480.jpg)