مریم نواز لاہور پہنچ گئیں،کارکنوں کا بھرپور استقبال

لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف ساڑھے تین ماہ بعد لندن سے لاہور پہنچ گیئں،مریم نواز شریف کا طیارہ 3 بج کر 27 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ پہنچا،وہ بذریعہ دبئی سے آج پاکستان پہنچی ہیں،بعد ازاں لاہور ائیرپورٹ کے باہر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بہت جلد نواز شریف بھی آپ کے درمیان موجود ہوں گے،جب تک قوم کی تقدیر نہیں بدل دیں گے آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق مریم نواز شریف لندن سے براستہ دبئی لاہور پہنچیں،لاہور ائیرپورٹ پر پارٹی قائدین اور کارکنوں کی بہت بڑی تعداد اپنی لیڈر کا استقبال کرنے کے لئے موجود تھی،پنجاب بھر سے قافلے لاہور ائیرپورٹ پہنچے جہاں مریم نواز کا بھر پور استقبال کیا گیا اور انہیں ریلی کی صورت میں جاتی امرا لے جایا گیا ۔

میڈیا سے گفتگو اور منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ ماضی کی طرف دیکھتے ہیں تو خوف آتا ہے کہ کس طرح انتقام کا نشانہ بنایا گیا؟میں کسی کی سزا پر خوش نہیں ہوتی،عمران خان نے سیاسی مخالفین کے ساتھ جو کچھ کیا،اس کی سزا قانون فطرت سے ملے گی۔مریم نواز شریف نے کہا کہ شاہد خاقان کی پارٹی اور نواز شریف سے وابستگی پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا تاہم مفتاح اسماعیل سے متعلق گفتگو نہیں کرنا چاہتی، پارٹی پہاڑ کی مانند ہے،جو اس سے گرے گا وہ پتھر سے زیادہ نہیں ہوگا،عمران خان اور اس کے حواریوں کے ساتھ جو ہوگا،مکافات عمل کہلائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں یہ ملک ایک مرتبہ پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا،جیسے اس سے قبل نواز شریف حکومت میں ملک ترقی کر رہا تھا،مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملک کو مشکلات سے نکالا،نواز شریف آج بھی ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے،نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے کردار سب سامنے آرہے ہیں،نواز شریف،شہباز شریف اور مریم نواز نے آپ سے انتقام نہیں لیا،نواز شریف اس بار پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ واپس آئیں گے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف کو ملک سے نکالنا ایک بڑا سانحہ تھا،انہوں نے ایسے شخص کو نکالا جس کی 9 سالہ کارکردگی نکالیں تو 75 سالہ تاریخ میں کھنڈرات بچتے ہیں،مجھے اور نواز شریف کو احساس ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے تاہم ترقی کرتا ہوا پاکستان واپس آئے گا،سازش کرنے والے سارے کردار اپنے انجام کو پہنچے یا نہیں؟وہ دن بھی دور نہیں جب نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا،مسلم لیگ ن انتخابات سے نہیں ڈرتی،بھاری اکثریت سے جیتیں گے، 8 ماہ کا حساب بعد میں ہو گا پہلے 4 سال کا حساب دینا ہو گا جبکہ اپنی حکومت کو توڑنے والا اب رو رہا ہے،تم اب رونے کی تیاری کر لو اب باقی زندگی بھی رونی پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا،گلگت بلتستان اور پنجاب میں حکومت کرنے والے ذمہ دار ہمیں قرار دے رہے ہیں،آج ان کو مہنگائی کا خیال آرہا ہے جو کہتے تھے مہنگائی کی خبر ٹی وی سے پتہ چلی،میں آپ سے وعدہ کرتی ہوں پارٹی کے لیے ایک منٹ نہیں بیٹھوں گی۔قبل ازیں لندن سے روانگی کے وقت قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے مریم نواز کو ایون فیلڈ سے الوادع کیا۔بعد ازاں لندن سے دبئی آمد پر مریم نواز نے اپنے قریبی عزیز کے گھر قیام کیا۔ مریم نواز نے جمعہ کے روز فیملی اور قریبی احباب کے ساتھ دن گزارا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں