شاہد خاقان عباسی نے فواد چوہدری کی گرفتاری کی مخالفت کردی


اسلام آباد(وقائع نگار)سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ فواد چودھری،ڈاکٹر شہباز گل اور اعظم سواتی کی گرفتاری کی حمایت نہیں کرتا،ثبوت کے بغیر گرفتاریوں کی روایت نہیں ہونی چاہیے، سب نے حکومت کر کے دیکھ لی،ایک پارٹی مسائل حل نہیں کر سکتی،یہ نظام جس طرح چل رہا ہے یہ پاکستان کے مسائل حل نہیں کر سکتا۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ معاملات کے پیچھے حقائق تلخ ہوتے ہیں لیکن میں بتا نہیں سکتا،حقائق جاننے کیلئے کمیشن بننا چاہیے، گورنر خیبر پختونخوا کو الیکشن میں تاخیر کی بات کہنے کا حق نہیں،آئین کے مطابق 90 روز میں الیکشن ہونے چاہئیں اور ہوں گے،انتخابات نہ ہونے کا کہنا آئین کی نفی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی ایسی وجہ نظر نہیں آتی کہ اکتوبر میں عام انتخابات نہ ہوں،الیکشن کا خرچ اتنا بڑا نہیں کہ معیشت پر اثر ڈالے،کوئی جماعت قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشن لڑنے میں سنجیدہ نہیں، ماضی میں انتخابات ملتوی ہونے کی نظیریں موجود ہیں، 2008 میں بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد الیکشن ملتوی ہوئے تھے، قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشن کرانے کا کوئی فائدہ نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں