حکومت کا عوام پر پٹرول بم حملہ، ڈیزل اور پٹرول 35 روپے لیٹر مہنگا

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم )کی اتحادی حکومت نے عوام پر”پٹرول بم حملہ“ کرتے ہوئے قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا ہے جبکہ نئی قیمتوں کا اطلاق بھی صبح 11 بجے سے ہو گیا ہے، حکومت نے پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 35،35 روپے اضافے کی منظوری دے دی ہے،مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی عوام کو پٹرولیم مصنوعات میں ہونے والے حالیہ اضافے کے بعد مہنگائی کے بدترین طوفان کا سامنا کرنا پڑے گا،اسحاق ڈار نے عوام پر”پٹرولیم بم“گراتے ہوئے اپنی تقریر کا اختتام ”اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو“ کے الفاظ کے ساتھ کیا ۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 50 روپے اضافے کے حوالے سے قیاس آرائیاں عروج پر تھیں،ہمیں مارکیٹ میں مصنوعی قلت کی اطلاعات موصول ہوئیں،اس مصنوعی قلت کی اطلاعات کے سد باب کے لیے اوگرا کی سفارش پر فوری طور پر قیمتوں کا اطلاق کیا گیا،گزشتہ ہفتے پاکستانی روپے کی قدر میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی،حکومت نے گزشتہ 4 مہینوں میں یعنی اکتوبر سے 29 جنوری تک پیٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا بلکہ قیمتیں کم کی گئیں،اس دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 19، 20 روپے کی کمی کی گئی جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 29 اور 30 روپے کی کمی کی گئی،عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمت میں اضافے اور سٹیٹ بینک کے اقدامات کے باعث روپے کی قدر میں ہونے والی کمی کے باوجود وزیر اعظم کی ہدایت پر اوگرا کے ساتھ مشاورت کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کم از کم اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔

سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ فیصلے کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35، 35 روپے اور مٹی کے تیل،لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 18، 18 روپے فی لیٹر اضافے کا فیصلہ کیا گیا،نئی قیتموں کا اطلاق آج صبح گیارہ بجے سے ہوگا،اس اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت 249 روپے 80 پیسے،ہائی سپیڈ ڈیزل 262 روپے 80 پیسے فی لیٹر،مٹی کا تیل 189 روپے 83 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل 187 روپے فی لیٹر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات وافر مقدار میں موجود ہیں اور معمول کے حالات میں کوئی وجہ نہیں تھی کہ قلت ہوتی،میڈیا کی قیاس آرائیوں میں کہا گیا کہ 80 روپے تک اضافہ متوقع ہے،اس صورتحال کے باعث فوری طور پر قیمتوں کا اعلان اور اطلاق کیا گیا اور بد قسمتی سے انہیں اس کا فائدہ ہو گیا۔اسحاق ڈار نے عوام پر ” پٹرولیم بم“ گراتے ہوئے اپنی تقریر کا اختتام ”اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو “ کے الفاظ کے ساتھ کیا ۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے کیا گیا جب کہ ایسا پہلی بار دیکھا گیا کہ پیٹرولم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اچانک صبح کے اوقات میں کیا گیا، عام طور پر قیمتوں میں اضافے کا رات کے اوقات کیا جاتا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں