کراچی(سٹاف رپورٹر)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے حالیہ اضافے کےبعد حکومت کے لئے نئی مشکلات کھڑی ہو گئی ہیں ،پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35روپے اضافے کے ساتھ ہی گڈز ٹرانسپورٹر نے حکومتی فیصلہ مسترد کرتے ہوئے سڑکوں پر آنے کا اعلان کردیا ہے ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق رکن سندھ اسمبلی اور صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اگلے 2 دن میں تمام ٹرانسپورٹرز سے مشاورت کے بعد اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ملک شہزاد اعوان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گڈز ٹرانسپورٹ الائنس پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ اس حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلا جائے، پانی ناک سے اوپر چلا گیا ہے، اب ٹرانسپورٹرز سڑکوں پر آرہے ہیں، ہم لائحہ عمل بنا رہے ہیں، اب ہم مزاحمت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ تباہی کے دہانے پر ہے، اس امپورٹڈ سرکار نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، مہنگائی کے اس دور میں ہماری ٹرانسپورٹ نہیں چل سکتی، نہ درآمدات ہیں اور نہ ، خام مال نہیں، فیکٹریاں بند ہورہی ہیں، تمام سیکٹرز آخری سانسیں لے رہے ہیں۔