پشاور خود کش دھماکہ،اسلام آباد کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی

اسلام آباد(وقائع نگار)پشاور پولیس لائن میں ہونے والے دھماکے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق اسلام آباد پولیس کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انسپکٹر جنرل(آئی جی)پولیس اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھانے کے ساتھ ہی سیف سٹی کے ذریعے مانیٹرنگ کی جارہی ہے جبکہ اہم ناکہ جات اور عمارتوں پر سنائپرز تعینات کر دیے گئے ہیں۔ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس تھرمل امیجنگ کی صلاحیت سے لیس ہے،ساتھ ہی شہریوں کو ہدایت دی کہ شہری دوران سفر اپنے شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں اور دوران چیکنگ پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔
واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل پشاور کی پولیس لائن کی مرکزی مسجد میں نماز ظہر کے دوران خود کش دھماکہ ہوا جس میں 60نمازی زخمی ہو گئے جبکہ دو پولیس اہلکاروں سمیت تین نمازیوں کے شہید ہونے کی اطلاعات ہیں ۔یاد رہے کہ مسجد کے قریب ہی کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی)کا دفتر بھی ہے ،مسجد کے کچھ حصے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں