پشاور دھماکہ،وزیراعظم شہباز شریف،آصف زرداری اور عمران خان سمیت قومی قیادت یک زبان ہو گئی

اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی)خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت میں پولیس لائن میں واقع مرکزی مسجد میں نماز ظہر کی ادائیگی کے دوران ہونے والے افسوسناک خود دھماکے نے پوری قوم کے ساتھ ساتھ سیاسی قیادت کو بھی افسردہ کردیا ہے ،دہشت گردی کے خلاف قومی قیادت وزیراعظم شہباز شریف ،عمران خان ،آصف زرداری ،بلاول بھٹو زرداری ،مولانا فضل الرحمان ،سراج الحق ،علامہ طاہر محمود اشرفی ،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سمیت دیگر نے یک زبان ہوتے ہوئے افسوسناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کو واضح اور دو ٹوک پیغام دے دیا ہے۔
پاکستان ٹائم کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کا بہیمانہ قتل قرآن کی تعلیمات کے منافی ہے اور دہشت گرد ملک کے دفاع کا فرض نبھانے والوں کو نشانہ بنا کر خوف پیدا کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے اور ناحق شہریوں کا خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم اور ادارے یکسو اور متحد ہیں، پوری قوم اپنے شہدا کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ ضمنی اور عام انتخابات سے قبل دہشت گردی کے واقعات معنی خیز ہیں جبکہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی، نیشنل ایکشن پلان پر عمل کر کے دہشت گردوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، پیپلز پارٹی کے کارکن اور عہدے دار خون کے عطیات دے کر زخمیوں کی جان بچائیں۔سابق صدر آصف علی زرداری نے پشاور پولیس لائنز دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کا سرگرم ہونا خطرناک ہے، حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے دہشت گردی کی نرسریوں کو تباہ کرے، ضمنی اور عام انتخابات سے قبل دہشت گردی کی وارداتیں باعث تشویش ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ہمیں انٹیلیجنس بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور پولیس فورسز کو مناسب طریقے سے اسلحہ سے لیس کرنے کی ضرورت ہے، میری دعائیں اور تعزیت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔جمعیت علماءاسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مسجد میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف پوری قوم ایک ہے ،ہم دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے یکسو ہیں اور اس حوالے سے کسی کنفیوژن کا شکار نہیں ہیں ،دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کسی طور پر کامیاب نہیں ہو سکیں گے ۔نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے صوبے کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کر دی اور کہا کہ زخمیوں کے لیے اسپتالوں میں ہنگامی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے بھی دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا امن تباہ کرنے کے لئے مذموم کوشش کی گئی ہے،مسجد میں نماز ادا کرنے والوں کو مارنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ،دہشت گردی کے مرتکب افراد مسلمان تو کیا انسان کہلانے کے بھی حقدار نہیں ،جماعت اسلامی کے کارکن زخمیوں کو خون دینے کے لئے ہسپتال پہنچیں اور متاثڑہ افراد کی ہر ممکن امداد کی جائے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی علامہ طاہر محمود اشرفی نے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علماءکونسل زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہے،دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پوری قوم کو پاک فوج اور ملکی سلامتی کے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہو گا ۔وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں دہشت گردی کے واقعہ پر دل غمزدہ ہے۔ اللہ شہیدوں کو بلند درجات عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں