بلوچستان حکومت نے وفاق پر سنگین الزام عائد کردیا


کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے وفاقی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کی حکومت مالی بحران کے باعث سرکاری ملازمین تنخواہیں ادا کرنے سے محروم ہے، وفاق نے 75ارب کے واجبات کی جلد ادائیگی نہ کی تو صورتحال مزید گھمبیر ہو سکتی ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرح عظیم شاہ نے کہا کہ مالی بحران کی وجہ سے بلوچستان حکومت اب تک اپنے ملازمین کو تنخواہیں تک ادا نہیں کیں، وفاقی حکومت واجبات کی ادائیگی میں تاخیر کر رہی ہے، وفاق نے 75 ارب کے واجبات ادا نہ کئے تو صوبہ مالی بحران کی جانب جا سکتا ہے، بلوچستان کا زیادہ تر فنڈ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں لگ جاتا ہے۔ فرح عظیم شاہ نے گزشتہ دنوں لسبیلہ میں مسافر کوچ حادثے سے متعلق بریفنگ دیتے ہویے کہا کہ بس حادثے پر اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ابتدائی رپورٹ کے مطابق بیلہ بس حادثے تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، حادثے کا شکار مسافر بس 130 سے 140 کی رفتار سے جا رہی تھی، حکومت نے 316 بسوں میں ٹریکنگ سسٹم نصب کیا تاہم کوچز مالکان نے ٹریکنگ سسٹم کے بل ادا نہیں کئے جس کی وجہ سے ٹریکرز بند ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری کی زیر صدارت اعلی سطح کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بغیر ٹریکر کسی کوچ کو روڈ پرمٹ نہیں دیا جائیگا،اگر کسی کمپنی کے کوچ میں ٹریکنگ سسٹم نصب نہیں ہوگا تو اسکا روڈ پرمٹ معطل کر دیا جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں