Raid At Pervaiz Elahi House

”محسن نقوی آصف زرداری کے کہنے پر کارروائیاں کرا رہے ہیں“پرویز الٰہی کا الزام

لاہور (سٹاف رپورٹر)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے ظہور الٰہی ہاوس گجرات پر غیر قانونی پولیس چھاپے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران حکومت کی ان غیر قانونی حرکتوں پر عدالت جائیں گے،ملازمین کو رات کے اندھیرے میں ہراساں کیا گیا، 2 ماہ کی نگران حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے،دوسری طرف چوہدری پرویز الٰہی کے ترجمان ڈاکٹر زین علی بھٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سابق صدر آصف زرداری کے کہنے پر کارروائیاں کرا رہے ہیں۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ آزاد عدلیہ پر پورا بھروسہ ہے،شہباز شریف چادر اور چار دیواری کے تقدس کا خیال کریں،اب لوگ ان کے گھروں کے سامنے بھی احتجاج کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نگران وزیر
اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کام صاف اور شفاف الیکشن کرانا ہے،دہشت گردی ہو رہی ہے مگر انہوں نے پولیس اور انتظامیہ کو انتقامی کارروائیوں پر لگا رکھا ہے۔دوسری طرف چوہدری پرویز الٰہی کے ترجمان ڈاکٹر زین علی بھٹی نے گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سابق صدر آصف زرداری کے کہنے پر کارروائیاں کرا رہے ہیں،محسن نقوی اپنے آقاوں کو خوش کرنے کے لیے ایسی کارروائیاں کروا رہے ہیں، پرویز الٰہی گھر پر نہیں تھے،مونس الٰہی پہلے ہی ملک سے باہر ہیں،ہم ایسی کارروائیوں کے خلاف عدالت میں جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انتخابات کی تاریخ دینی چاہیے،آئین کی خلاف ورزی نہیں کی جا سکتی،پرویز الٰہی نے اپنے دورحکومت میں کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی لیکن یہ وہ ہر کام کر رہے ہیں جو وفاق سے ان کو ہدایت دی جاتی ہے،پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے آئندہ سیاست عمران خان کے ساتھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں