مہنگائی کے بے قابو جن نے یوٹیلیٹی سٹورز کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا


لاہور(کامرس رپورٹر)مہنگائی کے بے قابو جن نے پورے ملک کی طرح یوٹیلیٹی سٹورز کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ،یوٹیلیٹی سٹورز پر مہنگائی کی نئی لہر کی وجہ سے درجنوں اشیاءمہنگی ہونے کے بعد عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں۔عام مارکیٹ میں بھی ڈالرمہنگا ہونے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے اور گھی اور آئل کی قیمتوں کو بھی آگ لگ گئی ہے ۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق مہنگائی کا طوفان پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے ۔یوٹیلیٹی سٹورز پرمختلف برانڈز کے مصالحہ جات، نمک، اچار، جوتوں کی پالش کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے بعد کپڑے، سرف ، صابن، مشروبات، ٹوتھ پیسٹ، کسٹرڈ بھی مہنگے ہوگئے ہیں،دودھ کا ڈبہ 40 روپے، مشروبات 60 روپے، اچار87 اور لوشن 80 روپے مہنگا ہوگیا ہے، جبکہ ٹوتھ پیسٹ 20 روپے اور ٹوائلٹ کلینر کی قیمت میں 17 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔اس کے ساتھ ہی جوتوں کی پالش 35 روپے اورکیچپ 30 روپے تک مہنگا کردیا گیا ہے، جبکہ میکرونی 45 روپے اور چلی گارلگ سارس 40 روپے تک مہنگا ہوگیا ہے۔اگرمصالحہ جات کی بات کی جائے، تو بریانی مصالحہ 10 اور اچارکی قیمت میں 87 روپے، نمک 20 روپے اور نمکو کی قیمت میں 5 روپے تک کا اضافہ کردیا گیا۔فروٹ جام 45 روپے، مکریم 40روپے اور باڈی لوشن 80 روپے تک مہنگی کردی گئی ہیں۔دوسری طرف ڈپٹی کمشنر (ڈی سی)لاہور نے بھی شہریوں پر مہنگائی بم گراتے ہوئے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔جس کے مطابق 20 کلو گرام آٹا کی قیمت 1295 روپے پر برقرار، چاول باسمتی 45 روپے اضافے کے بعد 350 روپے فی کلوگرام، چنا 30 روپے اضافے کے بعد 235، دال مسور 25 روپے اضافے کے بعد 255، دال ماش 75 روپے اضافے کے بعد 410 روپے فی کلو ، دال مونگ 25 روپے اضافے کے بعد 250 روپے فی کلو ، کالا چنا 35 روپے اضافے کے بعد 235 جبکہ سفید چنا 75 روپے اضافے کے بعد 360 روپے فی کلو ہو گیا۔دوسری جانب ڈالر مہنگا ہوتے ہی گھی اور آئل کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں، درجہ دوم کا ایک کلوگھی کا پیک 4 روپے مہنگاہوا،درجہ دوم کا گھی ہول سیل میں 428 روپے کا ہوگیا ہے جبکہ پرچون میں صارفین کو اضافے کے بعد540 روپے کلومیں ملے گا،درجہ اول کا گھی اور آئل 1 ہفتے میں 40 روپے تک مہنگا ہوا ہے،درجہ اول کا گھی 550 روپےکلوتک فروخت ہورہا ہے۔شہریوں نے گھی اور آئل کی قیمتوں میں زبردست اضافے پر شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام مہنگائی سے مر رہی ہے اور حکمران میوزیکل چیئر کی گیم کھیل رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں