اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے الکوحل ایگزامینیشن ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق پولیس شیخ رشید احمد کو الکوحل ایگزامینیشن ٹیسٹ کے لئے پولی کلینک ہسپتال لائی مگر سابق وزیر داخلہ نے الکحل ایگزامینیشن ٹیسٹ کرانے سے انکار کیا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ شیخ رشید نے الکوحل ایگزامینیشن ٹیسٹ کے لیے یورین سیمپل دینے سے انکار کیا لیکن شیخ رشید نے الکوحل ٹیسٹ کے لیے ڈاکٹرز کو بلڈ سیمپل لینے دیا۔ہسپتال ذرائع کے مطابق شیخ رشید احمد چاق و چوبند اور مکمل ہوش و ہواس میں تھے،شیخ رشید احمد نے ای سی جی کرانے سے بھی انکار کیا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ پولی کلینک ہسپتال میں شیخ رشید احمد کا کوئی اور ٹیسٹ نہیں کیا گیا۔قبل ازیں گرفتاری کے بعد اپنے بیان میں شیخ رشید کا کلمہ طیبہ پڑھتے ہوئے کہنا تھا میں نے کبھی نشہ کیا اور نا ہی شراب پی، میری جان کو خطرہ ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد پولیس رات گئے راولپنڈی پہنچی،شیخ رشید کے گھرمیں داخل ہوئی اور انہیں اپنی ساتھ لے گئی۔پولیس نے دعویٰ کیا کہ شیخ رشید سے اسلحہ برآمد ہوا اور وہ اس وقت نشے کی حالت میں تھے۔
شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق نے کہا کہ پولیس دو لائسنس یافتہ کلاشنکوفیں اور دو بلٹ پروف گاڑیاں لے گئی ہے۔راشد شفیق نے کہاکہ شیخ رشید کو نجی ہاوسنگ سوسائٹی سے گرفتار کیا گیا جو پنجاب کی حدود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شراب اور اسلحہ رکھنا پولیس کیلئے مشکل نہیں،کچھ بھی ہو سکتا ہے،گرفتاری کے خلاف آج اسلام آباد ہائی کورٹ جائیں گے،توہین عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی۔شیخ رشید نے آبپارہ تھانے منتقل کے بعد ٹوئٹر پر اپنی تصویر شیئر کی جس میں وہ پرسکون انداز میں کرسی سے ٹیک لگائے سگار پیتے نظر آ رہے ہیں۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/02/Sheikh-Rasheed12-1200x480.jpg)