”قانونی کارروائی ہورہی ہے، 15 کلوہیروئن نہیں ڈالی“شیخ رشید کی گرفتاری پر رانا ثناء اللہ کا طنز

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)سابق وزیر داخلہ اور پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی گرفتاری پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے طنزیہ ٹویٹ کرتے ہوئے ایسی بات کہہ دی ہے کہ شیخ رشید اور ان کے ساتھی آگ بگولہ ہو جائیں گے ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ قانونی کارروائی ہورہی ہے، 15 کلوہیروئن نہیں ڈالی اور حکومت کا کوئی تعلق نہیں،سیاسی مسخرہ سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہا ہے،صرف قانون پر عمل ہوا ہے،پسلیاں تو نہیں تڑوائیں؟میڈیا کے سامنے پولیس والوں کو دھکے دینے والامارپیٹ کرنے کا جھوٹ بول رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ”قانون کے نیچے لاوں گا“ کے ڈائیلاگ بولنے والا قانون کے نیچے آنے سے کیوں ڈرتا ہے؟قانون کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کرنا پولیس کا قانونی فرض ہے،طیبہ گل کی طرح اغواء کیا ہے نہ بشیر میمن کی طرح واش روم میں بند کیا ہے،خلاف قانون کام نہیں کیا تو عدالت کو بتادیں،قانون کے سامنے سب برابر ہیں،قانون توڑنے پر جواب تو دینا پڑے گا،قتل اور ہشت گرد تنظیموں سے رابطے ہونے کا الزام سنگین الزام لگانے والے قانون کا سامنا کریں۔

رانا ثناء اللہ خان کا پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سربراہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران نے سیاسی مخالفین،سچ بولنے والے صحافیوں کو جیلوں میں ڈالا ،جھوٹے مقدمے بنوائے،گزشتہ 4 سال کے سیاہ دور میں صحافیوں کو گولیاں ماری گئیں،پسلیاں توڑی گئیں،باس اور چپڑاسی دونوں کی قانون کا سامنا کرنے سے ہوا نکلی ہوئی ہے،یہ ہراس ادارے کو گالیاں دیتے ہیں جو اِن سے جواب مانگے۔

واضح رہے کہ آبپارہ تھانہ سے روانگی اور ہسپتال پہنچنے کے بعد شیخ رشید نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ 100 سے 200 لوگ سیڑھیاں لگا کر گھر میں داخل ہوئے،میرے ملازمین پر تشدد کیا،بدتمیزی اور بدمعاشی کی گئی،مجھے زبردستی گاڑی میں بٹھا لیا،رانا ثنا اللہ کے ایما پر مجھے گرفتار کیا گیا،میں چھوڑوں گا نہیں۔شیخ رشید نے ہسپتال سے نکل کر حکومت مخالف نعرے بھی لگائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں