کراچی(کامرس رپورٹر)کاروباری ہفتے کے آخری روز ملک میں سونے کی قیمت میں ایک بار بڑا اضافہ ہوا ہے جبکہ امریکی ڈالر بھی پاکستانی روپے کو روندتے ہوئے پاکستانیوں کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے۔
سندھ صرافہ بازار اسیوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت ایک ہزار 300 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 8 ہزار 500 روپے ہو گئی جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت ایک ہزار 114 روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 78 ہزار 755 روپے ہو گئی۔دوسری جانب انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ رک نہ سکا،آج بھی روپیہ 5 روپے 22 پیسے کی بڑی کمی کے بعد 276 روپے 58 پیسے کی کم ترین سطح پر آگیا،جس کی وجہ ماہرین زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی اور سیاسی عدم استحکام کو قرار دے رہے ہیں۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق روپے کے مقابلے میں ڈالر 5 روپے 22 پیسے یا 1.89 فیصد اضافے کے بعد 276.58 روپے کا ہوگیا،جو گزشتہ روز 271 روپے 30 پیسے پر بند ہوا تھا۔
یاد رہے کہ سٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کے بعد 27 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے میں زرمبادلہ کے ذخائر 16 فیصد مزید کم ہو کر 3 اب 9 کروڑ ڈالر کی سطح پر آگئے جن سے بمشکل صرف 3 ہفتوں سے بھی کم کی درآمدات کی ادائیگیاں ہو سکتی ہیں۔