لاہور(سٹاف رپورٹر)سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے گورنر پنجاب کے خط کا جواب دے دیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی جانب سے گورنر بلیغ الرحمان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کی تاریخ نہ دینے سے متعلق آپ کے خط سے اتفاق نہیں کرتا، گورنر انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہ کرکے آئین سے انحراف کر رہے ہیں۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ آئین کی شق 105 واضح ہے کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان گورنر کی ذمہ داری ہے، انتخابات 90 دن کے اندر ہونا لازم ہے،گورنر جلد سے جلد الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں تاکہ آئینی بحران پیدا نہ ہو۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے گورنر پنجاب کے خط کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے آئین کی تشریح اپنے مطابق کی ہے،یہ کہنا بلا جواز ہے کہ اسمبلی از خود تحلیل ہوئی اور گورنر انتخابات کی تاریخ نہیں دے سکتے،میں نے گورنر کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھا گیا خط بھی دیکھا ہے ،مجھے حیرانی ہوئی کہ گورنر نے نامعلوم سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے لیے کہا ہے، ایسا کرنے سے گورنر پنجاب نے آئینی ذمہ داری ادا نہیں کی، ایک بار پھر التجا ہے کہ گورنر پنجاب عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/02/329102213_719717359666879_6403013363892217363_n-1200x480.jpg)