تحریک انصاف کاوزیراعظم کی اے پی سی میں ایسے افراد کو بھیجنے کا فیصلہ کہ شہباز شریف اور آصف زرداری سر پکڑ لیں

لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف نے”بڑا پتا“کھیلتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے بلائی گئی اے پی سی میں شرکت کا عندیہ دیتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور سینیٹر اعظم خان سواتی کا نام تجویز کر دیا ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے 7 فروری کو بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس(اے پی سی)میں شرکت سے انکار کیا تھا تاہم آج ”بڑا پتا“ مارتے ہوئے سینیٹر اعظم خان سواتی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو اے پی سی میں بھیجنے کی تجویز دیدی ہے۔اس سلسلے میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے مشورہ دیا ہے کہ اے پی سی میں شیخ رشید اور اعظم سواتی کو پارٹی کی نمائندگی کرنی چاہیے،شیخ رشید سابق وزیر داخلہ رہ چکے ہیں،وہ سکیورٹی صورت حال سے بخوبی واقف ہیں جبکہ اعظم سواتی سینئر سیاست دان اور اے پی سی میں پارٹی کی بہترین نمائندگی کر سکتے ہیں،موجودہ سیاسی قیادت کو ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا اندازہ ہی نہیں،خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی سے متعلق ہمارے لوگ بار بار توجہ دلاتے رہے، ہماری بات سننے کے بجائے ہمارے ارکان پر غداری اور بغاوت کے مقدمات درج کیے جارہے ہیں،موجودہ حکومت میں ہر معاملے پر سنجیدگی کا فقدان ہے،یہ اس معاملے میں بھی فوٹو شوٹ کی حد تک سنجیدہ ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف نے ملک میں جاری حالیہ دہشتگردی کی لہر سے نمٹنے،معاشی حالات کا مقابلہ کرنے اور اہم قومی چیلنجز پر سیاسی قائدین سے مشاورت کے لئے 7 فروری کو آل پارٹیز کانفرنس بلا رکھی ہے،جس میں تحریک انصاف کو بھی دعوت دی گئی تاہم گزشتہ روز پی ٹی آئی نے کانفرنس میں شرکت سے انکار کر دیا تھا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں