بہاولنگر میں حرمت قرآن و یکجہتی کشمیر ریلی،دنیا مظلوم کشمیریوں کو انصاف دے،ملک ابرار کھوکھر

بہاولنگر (بیورو رپورٹ)ملک بھر کی طرح ” یوم یکجہتی کشمیر“ کے حوالے سے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام بہاولنگر میں بھی” حرمت قرآن و یکجہتی کشمیر ریلی“ کا انعقاد کیا گیا،جس میں سینکڑوں افراد نے اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی۔


”پاکستان ٹائم “ کے مطابق مرکز شہدا بہاولنگر سے شروع ہونے والی ریلی شہر سے گزرتے ہوئے رفیق شاہ چوک میں ایک عظیم الشان جلسہ کا روپ دھار گئی۔ ریلی سے مختلف مکاتب فکر کے نمائندوں نے خطاب کیا۔مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار صوبائی اسمبلی ملک ابرار الرحمن کھوکھرنے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری پاکستانی قوم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے ،بھارتی ریاستی دہشت گردی جاری ہے لیکن کشمیریوں کا عزم آزادی متزلزل نہیں ہوا،دنیا کشمیریوں سے کیا استصواب رائے کا وعدہ پورا کرے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک کوئی پاکستانی سکھ کا سانس نہیں لے گا،مظلوم کشمیری عالمی دنیا سے اپنے لئے انصاف چاہتے ہیں ،پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ہے ،ہم کشمیری قوم کے جذبہ آزادی اور جذبہ جہاد کو سراہتے ہیں ،ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور کسی بھی موڑ پر انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ملک ابرار الرحمن کھوکھر کا حرمت قرآن کے حوالے سے کہنا تھا کہ اس کی حفاظت کی ذمہ داری خود اللہ نے لی ہے،کفار کی حرکتیں قرآن فہمی اور پیغام ربانی کی ترویج کا باعثِ بنیں گی، بطور مسلمان ہمیں قرآن پڑھنے سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

ریلی سے جمعیت علمائے اسلام کے سراج احمد اخون،انجمن تاجران کے ساجد سندھو،ایم ایس ایف کے عرفان قادر اور تحریک اللہ اکبر کے ضلعی راہنما امیر حمزہ رافع نے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

بہاولنگر میں حرمت قرآن و یکجہتی کشمیر ریلی،دنیا مظلوم کشمیریوں کو انصاف دے،ملک ابرار کھوکھر“ ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں