کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو شکست دے دی

کوئٹہ(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے نمائشی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو تین رنز سے شکست دے دی۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق اکبر بگٹی کرکٹ سٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان دوستانہ ٹی 20 میچ کھیلا گیا،اس مقابلے کو دکھنے کے لیے کوئٹہ کے ہزاروں افراد نے سٹیڈیم کا رخ کیا۔نمائشی میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں پشاور زلمی کو 185 رنز کا ہدف دیا۔185 رنز کے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی سات وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بناسکی،پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم 18 گیندوں پر محض 23 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ شاہد آفریدی بھی 25 رنز ہی بنا سکے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے،افتخار احمد نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے 94 رنز کی نہایت شاندار جارحانہ اننگز کھیلی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد 4 رنز بناکر آوٹ ہوئے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے افتخار 94 اور خوشدل شاہ 36 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔افتخار احمد نے پشاور زلمی کے کھلاڑی اور صوبہ پنجاب کے وزیر کھیل وہاب ریاض کے آخری اوور میں 6 چھکے لگا کر اپنی اننگز کو یادگار بنا دیا۔پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے تین جب کہ عامر جمال اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں