مریم نواز نے عمران خان کو آڑے ہاتھوں لے لیا،ایسی بات کہہ دی کہ آپ بھی مسکرا دیں

ملتان (وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئیر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی )کے چیئرمین عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھڑی چور نے پاکستان میں تباہی مچائی ہے،اس گھڑی چور کو سیاست سے اٹھا کر باہر پھینکنا پڑے گا،عمران خان لوگوں کو کہتا ہے”جیل بھرو“اور خود زمان پارک کے بنکر میں چھپا بیٹھا ہے،گھر کے باہر خواتین کو بٹھا رکھا ہے کہ کہیں پولیس گرفتار نہ کرلے”جیل بھرو تحریک“چلانی ہے تو اپنی ضمانتیں کینسل کراو،چار سال تک یہ”جیب بھرو تحریک“چلاتا رہا،یہ پانچ پانچ دن کی جیلوں پر رو رہے ہیں،ہم پانچ پانچ سال سزائے موت کی چکیوں میں کاٹ کر آئے ہیں۔
ملتان میں مسلم لیگ ن کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملتان کے بھائیو گھڑی دیکھ کر بتاو وقت کیا ہوا ہے؟گھڑی کی بات آئی تو سب کو گھڑی چور یاد آیا،سارے حقائق بتاوں گی اور سچ بتاوں گی،جنرل باجوہ نے اعتراف کیا عمران خان جیسا بلنڈر ہم سے ہوا،اعتراف کافی نہیں،عمران خان کو سیاست سے باہر نکال پھینکنا پڑے گا،ملک پر لگا داغ دھونا ہوگا،یہ تجربہ ملک کو لے ڈوبا،پانچ کا ٹولہ اس سانپ کو لایا اور اب یہ ان کو ڈس رہا ہے، یہ اب ایک دوسرے کا گریبان پکڑرہے ہیں،ٹینکوں کے آگے لیٹنے کا دعویٰ کرنے والے بار بار بلک بلک کر رور ہے ہیں،یہ پہلی بار ”بے فیض“ہوئے ہیں تو ان کو سمجھ نہیں آرہی ہے،یہ” فیض“ کے سر پر اور اس کی بیساکھیوں پر سیاست کرتے رہے ہیں،پانچ کے ٹولے نے اپنے گھروں کی معیشت تو ٹھیک کر لی مگر ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا۔
انہوں نے شرکا سے استفسار کیا کہ بیٹی کو باپ کے سامنے گرفتار کیا گیا تو کیا کسی نے نواز شریف کو روتے دیکھا؟ان کی روتی شکلیں دیکھ کر مجھے نوازشریف پر فخر ہوتا ہے،ہم نے کئی ماہ جیل میں گزارے مگر ان کی طرح روئے نہیں،رانا ثنا اللہ پر منشیات کا جھوٹا مقدمہ بنا،جس میں سزائے موت ہو سکتی تھی،کیا کبھی کسی نے شاہد خاقان عباسی، راناثنا اللہ اور مفتاح اسماعیل کو روتے دیکھا؟کسی نے نوازشریف،شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو روتے ہوئے دیکھا؟میں نے اپنے باپ کو حوصلہ دیا کہ آپ گھبرائیں نہیں آپ کے ساتھ ہوں،البتہ مجھے میرے والد کے سامنے گرفتا کیا گیا تو میری چھوٹی بیٹی روئی،نواز شریف اور شہباز شریف عمران خان کی طرح بنی گالہ میں رو پوش نہیں ہوتے،مشکلات ضرور ہیں لیکن ہم ان مشکلات سے ضرور باہر نکلیں گے،تھوڑا وقت لگے گا مگر ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے،کراچی میں ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑ کر اندر آگئے تھے،لوگوں کو” جیل بھرو تحریک “کا کہنے والا زمان پارک میں چھپ کر بیٹھا ہے،چار سال کے دوران جو کہتا تھا سب کو رلاوں گا وہ آج خود رو رہا ہے،ایسا کرتے ہیں چندہ جمع کر کے ان کو ٹشو پیپر لے کر دیتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف،شہباز شریف اور مجھے احساس ہے کہ مہنگائی ہے،روٹی،بجلی اور گیس سمیت تمام چیزیں مہنگی ہیں لیکن پاکستان کے عوام کو پتہ ہے کہ یہ مہنگائی کس کی لائی ہوئی ہے؟عوام کی مشکلات کو دیکھ کر ہمیں بہت دکھ ہے،نوازشریف کی حکومت جب آئی تو ملک میں بڑے بڑے منصوبے لگائے گئے،تاریخ گواہ ہے جب جب نواز شریف کی حکومت آئی عوام کو ہر چیز میں ریلیف دیا گیا،نواز شریف کی حکومت جب آئی تو عوام کو روزگار اور سہولتیں ملیں،جب بھی ن لیگ کی حکومت آئی تو پاکستان نے ترقی کی، 2013 میں بھی پاکستان کو ڈوبی ہوئی معیشت ملی،نوازشریف کے دور میں غریب کو تین وقت روٹی ملتی تھی،آئی ایم ایف کے ساتھ نواز شریف نے بھی معاہدہ کیا مگر عوام پر بوجھ نہیں ڈالا لیکن ایک معاہدہ عمران خان نے آئی ایم ایف کے ساتھ کیا جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے،معاہدے کی وجہ سے ہمیں قیمتیں بڑھانی پڑ رہی ہیں،ن لیگ کو 2022 میں بھی اجڑا ہوا پاکستان ملا لیکن ہم اس صورتحال سے باہر نکلیں گے،آئی ایم ایف کی بات سنیں تو مہنگائی ہوتی ہے،آئی ایم ایف کی بات نہ سنیں تو ملک دیوالیہ ہوجاتا ہے،مشکلات ضرور ہیں لیکن ہم ان مشکلات سے ضرور باہر نکلیں گے،تھوڑا وقت لگے گا مگر ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے،ن لیگ اگر ملک کو مشکلات سے نہیں نکال سکتی تو کوئی جماعت ایسا نہیں کر سکتی۔مریم نواز نے کہا کہ آج کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا دن ہے،کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کو سلام،ایک دن کشمیر بنے گا پاکستان،انشااللہ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں