لاہور(کامرس رپورٹر)حکومت ایک مشکل سے نکلتی ہے تو دوسری مصیبت اس کے گلے پڑ جاتی ہے،معاشی و سیاسی مشکلات کی شکار وفاقی اور پنجاب کی نگران حکومت ایک بار پھر نئی مشکل سے دوچار ہو گئی ہے،فلور ملز ایسوسی ایشن نے محکمہ خوراک کو جمعہ تک کا الٹی میٹم دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ فلور ملز کے خلاف کارروائیاں بند نہ کی گئیں تو ملز کو تالے لگا دیں گے۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن چودھری افتخار احمد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کو وارننگ دی ہے کہ محکمہ خوراک نے 13 فلور ملز کو بند کر دیا ہے،آٹے کے ٹرکنگ سٹالز غیر محفوظ ہو رہے ہیں،ٹرکنگ پوائنٹس پر سیکیورٹی نہ دی گئی تو فلور ملز سپلائی بند کردیں گی۔ہم سرکاری آٹا فلور ملز کے گیٹ پر دینے کے پابند ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ نجی گندم کی بین الاضلاعی سپلائی پر عائد پابندی ختم کی جائے۔
چودھری افتخار نے الزام عائد کیا حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت بڑھی،فلور ملز کو گندم کا کوٹہ کم کیا گیا تو عوام پس جائیں گے،کسی بھی فلور ملز کو بند کرنے سے پہلے شوکاز نوٹس دینا چاہیے لیکن حکومت اپنی من مانی کرتی رہی تو ہم تمام فلور ملز کو تالے لگا دیں گے۔