لاہور(کورٹ رپورٹر)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ملک میں ہونے والے ضمنی انتخابات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں انتخابات ایک ساتھ ہونے چاہئیں،بار بار انتخابات سے ملک انتشار کا شکار ہوگا،انتخابات الگ الگ ہوئے تو مزید بحران پیدا ہوں گے،آئین کی پاسداری مقدم ہے لیکن پہلے بھی انتخابات ملتوی ہوتے رہے ہیں۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق احتساب عدالت لاہور میں پیراگون ہاوسنگ سکینڈل کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہوکر کردار ادا کرنے کے ساتھ پوری قوم کو متحد رہنا چاہئے،آل پارٹیز کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی)کو شریک ہوتے ہوئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک میں انتخابات ایک ساتھ ہونے چاہئیں،بار بار انتخابات سے ملک انتشار کا شکار ہوگا، انتخابات الگ الگ ہوئے تو مزید بحران پیدا ہوں گے،آئین کی پاسداری مقدم ہے لیکن پہلے بھی انتخابات ملتوی ہوتے رہے ہیں،ہم انتخابات لڑتے رہے ہیں،اب بھی لڑیں گے،ہم کبھی انتخابات سے نہیں بھاگے،الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے،الیکشن کھیل نہیں،ایک وقت پر ہونے چاہئیں،ایسے حالات نہیں تھے کہ 2 صوبائی اسمبلیاں توڑ دی جائیں،وزرائے اعلیٰ کو دباو میں لا کر اسمبلیاں تڑوائی گئیں،ملک کی معاشی صورتحال مزید انتشار کی متحمل نہیں ہوسکتی۔
اس سے قبل احتساب عدالت لاہور میں پیراگون ہاوسنگ سکینڈل کیس کی سماعت ہوئی،وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور سابق وزیر صحت سلمان رفیق نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر اپنی حاضری مکمل کروائی۔دوران سماعت نیب کے تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ شریک ملزمان کا سپلیمنٹری چالان جمع کرانے کی مہلت دی جائے۔عدالت نے تفتیشی کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 22 فروری تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت کے جج نے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پر ضمنی چالان نہ آیا تو بریت کی درخواستوں پر فیصلہ کر دوں گا۔