لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے معروف کرکٹر اور سپن باولر آصف آفریدی پر دو سال کی پابندی عائد کردی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرپشن چارجز پر سپنر آصف آفریدی پر دو سال کی پابندی عائد کردی ہے۔آصف آفریدی پر پی سی بی کے انسداد بدعنوانی کوڈ برائے شرکا کے تحت دو خلاف ورزیوں کے الزام میں جرم قبول کرنے کے بعد تمام طرز کی کرکٹ کھیلنے پر دو سال کی پابندی عائد کی گئی۔پی سی بی کے مطابق آصف آفریدی نے کرکٹ بورڈ اینٹی کرپشن کوڈ کی دو خلاف ورزیاں کیں جس کے سبب وہ کسی بھی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ آصف آفریدی نے تحقیقات کے دوران اپنا جرم قبول کیا، آرٹیکل 2.4.10 کی خلاف ورزی پر آفریدی کو دو سال کی نااہلی کی سزا دی گئی جبکہ آرٹیکل 2.4.4 کی خلاف ورزی پر ان پر چھ ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔خیال رہے کہ گزشتہ ستمبر میں سی بی نے خیبر پختونخوا کے لیفٹ آرم سپنر آصف آفریدی کو اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت معطل کرکے انہیں نوٹس آف چارج جاری کیا تھا۔آصف آفریدی نے پاکستان سپر لیگ میں شاندار بولنگ کی تھی، انہوں نے ملتان سلطانز کے لیے پانچ میچز میں 6.52 کی اکنامی ریٹ سے 8 وکٹیں حاصل کی تھیں۔