استنبول(مانیٹرنگ ڈیسک)ترکیہ اورشام میں آنے والے ہولناک زلزلے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 15ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہوئے ہیں ،سینکڑوں بلند و بالا عمارتیں زمین بوس جبکہ ہزاروں گھر تباہ ہو گئے ،شدید ترین زلزلے کے ملبے تلے اب بھی سینکڑوں افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے جبکہ تاحال امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترکیہ اور شام میں آنے والے ہولناک زلزلے نے تباہی مچادی ہے،ہر طرف موت ہی موت دکھائی دے رہی ہے،تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے سے بد قسمت افراد کی لاشیں نکالی جا رہی ہیں جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد 15ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اس تعداد میں بڑے اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ترکیہ میں زلزلے سے 31ہزار 777 افرادزخمی ہوئے ہیں جبکہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں 5 ہزار 775 عمارتیں تباہ ہوئیں۔
ترک ہلال احمر کے مطابق زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں 10ہزار خیمے لگا دیے گئے ہیں۔دوسری جانب پاکستانی ریسکیوٹیم نے ترکیہ میں آپریشن شروع کردیا ہے۔ترجمان کے مطابق پہلا آپریشن سیکٹر آدیامن میں قائم کردیا گیا ہے۔اربن سرچ اینڈ ریسکیو کے ٹیم کمانڈر رضوان نصیر ہیں، 51رکنی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم انٹرنیشنل ریسپانس کا حصہ ہیں۔ریسکیو ٹیم کے ارکان اربن سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے سپشلائزڈ ہیں۔اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم یونائیٹڈ نیشن انسراگ سے سرٹیفائیڈ ہے۔مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان ریسکیو،ترک بھائیوں کیساتھ ہے۔